(عرفان ملک) لیاقت آباد پولیس نے دوران ڈکیتی مزاحمت پر 30سالہ شہری کو فائرنگ کر کے قتل کرنے واللے ملزم ندیم کو گرفتار کر لیا ، ملزم کی گرفتاری سی سی ٹی وی فوٹیج کی مدد سے عمل میں لائی گئی۔
تفصیلات کے مطابق ملزم ندیم نے چند روز قبل ماڈل ٹاؤن میں حافظ سویٹس دوکان میں ڈکیتی کی واردات کی تھی ، دوران ڈکیتی مزاحمت پر ملزم ندیم نے مقتول حافظ فاروق کو فائرنگ کر کے قتل کیا اور موقع سے فرار ہو گیاتھا۔پولیس کا کہنا تھا کہ ملزم ندیم نشے کا عادی ہے اور اپنی اس لت کو پورا کرنے کے لیے ڈکیتی اور چوری کی وارداتوں کا سہارا لیتا ہے۔شہری حافظ فاروق کے قتل کے روز بھی ملزم ندیم نے نشہ خریدنے کے لیے گن پوائنٹ پر واردات کی تھی۔انویسٹی گیشن پولیس لیاقت آباد نے ملزم کو جدید ٹیکنالوجی کی مدد سے ملزم کو گرفتار کر کے الہ قتل بھی برآمد کر لیا ہے.
قبل ازیں شادباغ کے علاقے بند روڈ پر نامعلوم افراد نے کار سوار پر اندھا دھند فائرنگ کردی جس کے باعث کار میں سوارشہری موقع پر ہی جاں بحق ہو گیا۔ مقتول کی شناخت ملک امان اللہ کے نام سے ہوئی ہے ۔ واقعہ کے بعد پولیس کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی اور واقعے کی تحقیقات شروع کر دیں۔ پولیس کے مطابق واقعہ پرانی دشمنی کا شاخسانہ لگتا ہے، تاہم تفتیش جاری ہے جلد حقائق سامنے لے آئیں گے۔
واضح رہے کہ لاک ڈاؤن کے باوجود رمضان میں جرائم کی وارداتوں میں اضافے کا خدشہ مزید بڑھ گیا ہے، جنوری سے ابتک قتل کی 118 وارداتیں، 11 کو ڈکیتی مزاحمت پر گولیاں مار کر قتل کیا گیا۔ گزشتہ دنوں شاد باغ میں تاجر سے دس لاکھ، شاہدرہ میں نوجوان سے ڈیڑھ لاکھ، لیاقت آباد میں کیشیئر حافظ فاروق کو لوٹ کر موت کے گھاٹ اتار دیا گیا تھا۔لاہور میں لاک ڈاؤن کے دوران بھی سٹریٹ کریمنلز نے خوف پھیلائے رکھا، جگہ جگہ ناکوں کے باوجود ڈاکوؤں نے تقریباً ایک ماہ کے عرصے میں مزاحمت پرچار افراد کو قتل کر دیا۔