یقین دہانیاں ،آنیاں جانیاں بے سود،پولیس خاتون کو بازیاب نہ کراسکی

یقین دہانیاں ،آنیاں جانیاں بے سود،پولیس خاتون کو بازیاب نہ کراسکی
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

ملک محمد اشرف :یقین دہانیاں ،آنیاں جانیاں بے سود،پولیس خاتون کو بازیاب نہ کراسکی ۔

لاہور ہائیکورٹ میں خاتون فوزیہ بی بی بازیابی کیس میں سی سی پی او ذوالفقار حمید کی چوتھی بار پیشی ،درخواست گزار خاتون کی جانب سے پولیس کی کاوشوں پر اطمینان کا اظہار کرنے کے باعث کیس نمٹادیاگیا -


جسٹس ملک شہزاد احمد خان نے خاتون حمیدہ بی بی کی درخواست پر سماعت کی , سی سی پی او ذوالفقار حمید ،ایس پی سی آئی اے عاصم افتخار , ایس پی لیگل شیخ محمد آصف سمیت دیگر پولیس افسران پیش ہوئے،درخواست گزار وکیل نے عدالت کو آگاہ کیا کہ سی سی پی او نے درخواست گزار کی بیٹی فوزیہ بی بی کی بازیابی کے لئے سات ممبران پر مشتمل جے آئی ٹی تشکیل دی ہے،جے آئی ٹی سربراہ نے چوبیس اپریل کو درخواست گزار کو بلوا کر دوماہ میں اس کی بیٹی کو بازیاب کروانے کی یقین دہانی کروائی ہے۔

وکیل نےکہا کہ پولیس کی کاوشوں سے وہ مطمن ہیں، استدعا ہے کہ بازیابی کیس فی الحال نمٹادیا جائے ۔عدالت نےدرخواست گزار کی جانب سے وکیل کی استدعا پر درخواست نمٹادی۔جسٹس ملک شہزاد احمد خان نے ریمارکس دئیے کہ اگر خاتون نہ ملے تو دوبارہ عدالت سے رجوع کرسکتے ہیں ،جسٹس ملک شہزاد احمد خان نے سی سی پی او کو ہدایت کی خاتون کی بیٹی کی بازیابی کے لئے مزید کوشش کرکے اسے ڈھونڈیں۔

خاتون حمیدہ بی بی نے نے اپنی بیٹی فوزیہ کے اغوا کا مقدمہ تھانہ غازی آباد میں درج کروارکھا ہے،مقدمہ درج کروانے کے باوجود پولیس مغوی خاتون فوزیہ بی بی کو ایک سال سے بازیاب نہیں کرسکی۔

یاد رہے لاہورہائی کورٹ کے مسٹر جسٹس ملک شہزاد احمد خان کے روبرولڑکی کی بازیابی کیس میں ایس ایس پی انویسٹی گیشن لاہور نے بے بسی کا اظہار کر تے ہوئے اعتراف کیا تھا کہ  وہ شرمندہ ہیں،عدالتی حکم کے باوجود لڑکی کو بازیاب نہیں کرواسکے، فاضل جج نے دوران سماعت درخواست گزار کے وکیل کی پولی گرافک ٹیسٹ کرانے کی استدعا مسترد کرتے ہوئے قراردیا کہ پولی گرافک کا تجربہ پوری دینا میں ناکام ہورہاہے۔

Azhar Thiraj

Senior Content Writer