( شہباز علی ) خیبرپختونخوا کے اعجاز خان نے یحییٰ کلاسک باڈی بلڈنگ 2019 کا ٹائٹل اپنے نام کرلیا، جہلم کے 58 سالہ چوہدری اقبال نے ماسٹر کلاس میں اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کیا۔
تفصیلات کے مطابق ایکسپو سینٹر میں ہونے والے پانچویں یحییٰ کلاسک باڈی بلڈنگ مقابلوں کے آغاز پر تن سازوں نے چاروں صوبوں کے ثقافتی رنگ بکھیر کر شائقین کے دل موہ لئے۔ ماسٹر کلاس کا گولڈ میڈل پنجاب کے 43 سالہ امجد یاسین نے اپنے نام کیا، ماسٹر کلاس میں 58 سالہ چوہدری اقبال نے بھی اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا۔
دفاعی چیمپیئن خیبرپختونخوا کے اعجاز خان نے کامیابی سے اپنے اعزاز کا دفاع کرتے ہوئے یحییٰ کلاسک 2019 کا ٹائٹل اپنے نام کیا، پنجاب کے انس محمود نے دوسری اور عاطف محمود نے تیسری پوزیشن حاصل کی۔ کامیابی حاصل کرنے والے تن ساز اعجاز خان کا کہنا تھا کہ ورلڈ چیمپئن اور مسٹر ورلڈ کا اعزاز حاصل کرنا ان کا ہدف ہے۔
سابق ایشین چیمپئن یحییٰ بٹ کا کہنا تھا کہ کوشش ہے کہ یحیی کلاسک مقابلوں کا سلسلہ جاری رہے اور تن سازوں کو اتنی بھاری رقم بھی انعام کے طور پر ملتی رہے۔
اس موقع پر سابق ٹیسٹ کرکٹر مشتاق احمد بھی موجود تھے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ یحییٰ کلاسک مقابلے ہر سال تسلسل کے ساتھ جاری وساری رہیں گے۔