سٹی42: ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن ڈیپارٹمنٹ نے پوش علاقوں میں بڑے ٹیکس ڈیفالٹرز کے خلاف کریک ڈاؤن کا فیصلہ کرتے ہوئے خصوصی ٹیم تشکیل دے دی ہے۔ ٹیم کو فوری طور پر ٹیکس وصولیوں کے لیے ہدایات جاری کر دی گئی ہیں۔
ڈپٹی ڈائریکٹر ریجن بی آفتاب رحیم کی جانب سے جاری مراسلے کے مطابق جن ٹیکس دہندگان پر 5 لاکھ روپے یا اس سے زائد کی رقم واجب الادا ہے، ان سے ای ٹی اوز خود ملاقات کریں اور ٹیکس جمع کروانے کی ہدایت دیں۔
1 لاکھ یا اس سے زیادہ کے ڈیفالٹرز سے انسپکٹرز ملاقات اور فون کال کے ذریعے رابطہ کریں۔ ہر زون میں پراپرٹی یونٹس کی ریکوری اسٹیٹس کی روزانہ بنیادوں پر چیکنگ کی جائے۔
اس کے علاوہ ڈیفالٹرز کو آگاہی دینے کے لیے میڈیا پر تشہیر اور موبائل میسیجز بھیجے جائیں۔ ناقص کارکردگی دکھانے والے افسران اور اہلکاروں کے خلاف محکمانہ کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔