( اویس کیانی )پاکستان اور بحرین نے علاقائی سلامتی، انسدادِ منشیات تعاون اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی استعداد کار بڑھانے کے لیے دوطرفہ شراکت داری مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اظہار کیا ہے۔
وفاقی وزیرِ داخلہ و انسدادِ منشیات محسن نقوی نے بحرین کے وزیرِ داخلہ جنرل شیخ راشد بن عبداللہ آل خلیفہ سے منامہ میں اہم ملاقات میں دوطرفہ تعلقات، علاقائی سلامتی اور باہمی دلچسپی کے امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔
ملاقات میں علاقائی سکیورٹی کی مجموعی صورتِ حال، منشیات کی اسمگلنگ کے انسداد، قانون نافذ کرنے والے اداروں کی تربیت و استعداد بڑھانے اور دونوں ممالک کے درمیان معلومات کے تبادلے میں اضافے پر تفصیلی بات چیت کی گئی۔
ملاقات میں دونوں وزرائے داخلہ نے انسدادِ منشیات کے شعبے میں قریبی تعاون، قانون نافذ کرنے والے اداروں کی استعداد کار میں اضافے اور معلومات کے مؤثر تبادلے پر اتفاق کیا۔
Manama , It was a pleasure to meet His Excellency General Sheikh Rashid bin Abdullah Al Khalifa, Interior Minister of the Kingdom of Bahrain. We had an excellent discussion on regional security, counter narcotics cooperation, capacity building of law enforcement agencies and… pic.twitter.com/PfdDM4uJvR
— Mohsin Naqvi (@MohsinnaqviC42) November 27, 2025
محسن نقوی نے بحرینی ہم منصب کی جانب سے گرمجوش میزبانی پر دلی شکریہ ادا کرتے ہوئے پاکستان کے ساتھ سیکیورٹی اور استحکام کے مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے کے بحرینی عزم کو سراہا۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان اور بحرین کے درمیان برادرانہ تعلقات باہمی اعتماد اور احترام کی مضبوط بنیادوں پر استوار ہیں، اور دونوں ممالک کے اداروں کے درمیان قریبی رابطہ خطے میں امن و سلامتی کے لیے ناگزیر ہے۔
ملاقات میں دونوں ممالک نے اپنے عوام کے باہمی مفاد اور زیادہ محفوظ مستقبل کے لیے شراکت داری مزید مستحکم بنانے کے عزم کا بھی اعادہ کیا۔