عثمان خان/اویس کیانی: دریاۓ سوات کے پانی کے بہاؤ میں غیر معمولی اضافہ, 19 افراد دریاۓ سوات کے سیلابی ریلے میں بہہ گۓ, وزیراعظم محمد شہباز شریف نے دریائے سوات میں خوازہ خیلہ کے مقام پر سیلابی ریلے میں سیاحوں کی اموات پر گہرے دکھ اور رنج کا اظہار کیا۔
تفصیلات کےمطابق دریابرد ہونے والے افراد کی تلاش کے لئے ریسکیو اپریشن جاری ہے، ریسکیو1122 نے سرچ آپریشن شروع کردیا۔
ابتک 3 افراد کے جسد خاکی نکالے گئے، 5 مختلف مقامات پر سرچ آپریشن جاری ہے۔
ڈی جی ریسکیو شاہ فہد کا کہنا تھا کہ 80 اہلکار سرچ آپریشن میں حصہ لے رہے ہیں، پانی کے تیز بہاؤ کے باوجود ریسکیو1122 کی امدادی کارروائیاں جاری ہیں۔
دوسری جانب وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے دریائے سوات میں خوازہ خیلہ کے مقام پر سیلابی ریلے میں سیاحوں کی اموات پر گہرے دکھ اور رنج کا اظہار کیا۔
وزیرِ اعظم کی جاں بحق ہونے والے افراد کی مغفرت اور ان کے اہل خانہ کیلئے صبر کی دعا کی، وزیرِ اعظم نے ہدایت کی کہ واقعے میں لاپتہ افراد کو جلد تلاش کیا جائے۔
وزیراعظم نے NDMA، انتظامیہ و ریسکیو اداروں کو دریاؤں و ندی نالوں کے قریب حفاظتی تدابیر مزید مربوط بنانے کی ہدایت کی۔
وزیرِ اعظم نے سوات میں سیلابی ریلے کے نتیجے میں پھنسے ہوئے سیاحوں کو ریسکیو کرنے پر NDMA، انتظامیہ و ریسکیو حکام کی پذیرائی کی۔