سٹی42:بسنت کے قریب آتے ہی پتنگوں کی مانگ میں غیر معمولی اضافہ ہو گیا ہے، جس کے نتیجے میں پتنگ سازوں کے لیے آرڈر پورے کرنا مشکل ہو گیا ہے۔ کائٹ فلائنگ ایسوسی ایشن نے اس بڑھتی ہوئی ڈیمانڈ کے پیشِ نظر حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ ملک کے دیگر حصوں سے بھی پتنگیں منگوانے کی اجازت دی جائے۔
کائٹ فلائنگ ایسوسی ایشن نے کہا ہے کہ 2 دہائیوں بعد بسنت کی واپسی کے باعث طلب بہت زیادہ بڑھ گئی ہے اور مقامی مینوفیکچررز اس بڑھتی ہوئی مانگ کو پورا نہیں کر پا رہے۔ ایسوسی ایشن نے کمشنر لاہور کے ساتھ اجلاس میں بھی یہ مطالبہ دہراتے ہوئے کہا کہ باہر سے پتنگیں منگوانے کی اجازت ملنے سے نرخ بھی قابو میں رہیں گے اور عوام کو مناسب قیمت پر پتنگیں دستیاب ہوں گی۔
ذرائع کے مطابق ضلعی انتظامیہ نے ایسوسی ایشن کے مطالبات پر غور کرنے کی یقین دہانی کرائی ہے اور کائٹ فلائنگ ایسوسی ایشن کی سفارشات حکومت کو ارسال کر دی گئی ہیں تاہم بیرونِ شہر سے پتنگیں اور ڈور منگوانے کی حتمی اجازت حکومتی گرین سگنل پر مشروط ہے۔