سٹی 42: متحدہ عرب امارات نے کہا ہے کہ کورونا وائرس کی ویکسین ہر سال لگوانے کی ضرورت پڑ سکتی ہے۔
عرب نیوز کے مطابق یو اے ای کے شعبہ صحت کی ترجمان ڈاکٹر فریدہ الحسینی نے کہا ہے کہ کورونا وائرس میں ہونے والی جینیاتی تبدیلیوں کی وجہ سے ویکسین ہر سال لگوانے کی ضرورت پڑ سکتی ہے، اسی طرح سے جیسے انفلوائنزا سے بچاؤ کےلئے ویکسین لگوائی جاتی ہے۔ ڈاکٹر فریدہ کا کہنا تھا کہ فلو کی ویکسین بھی ہر سال وائرس میں تبدیلی کے مطابق بنائی جاتی ہے۔انہوں نے کہا کہ کورونا سے متاثر ہونے والے افراد میں سے 40 سے 50 فیصد میں کوئی علامات ظاہر نہیں ہوتیں۔
ڈاکٹر فریدہ نے کہا کہ زیادہ توجہ عمر رسیدہ افراد پر دی جا رہی ہے، ان میں جتنا جلدی وائرس کی علامات ظاہر ہوں گی، وائرس کو پھیلنے سے روکنے کے اتنے ہی زیادہ امکانات ہوں گے، امارات میں ایک مرتبہ پھر وائرس کے کیسز میں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے، جس کے بعد حکومت نے حفاظتی اقدامات پر عملدرآمد میں سختی کرنا شروع کر دی ہے۔
ترجمان شعبہ صحت کا کہناہے کہ ہسپتالوں میں ایمرجنسی کیس کے علاوہ مریضوں کے داخلے پر ایک ماہ کیلئے پابندی عائد کر دی گئی ہے جبکہ سماجی اجتماعات، شادیوں اور دیگر سرگرمیوں میں شامل ہونے والے افراد کی تعداد کم کی گئی ہے۔
واضح رہے کہ منگل کو متحدہ عرب امارات میں کورونا وائرس کے کیسز میں ریکارڈ اضافہ دیکھنے میں آیا تھا، گزشتہ پندرہ دنوں سے کورونا متاثرین میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے، امارات میں ابتک 2 لاکھ 85 ہزار 147 افراد کورونا سے متاثر ہو چکے ہیں، جن میں سے 2 لاکھ 59 ہزار 194 صحت یاب ہوئے جبکہ 805 کی موت واقع ہوئی۔