سٹی 42 : پارلیمنٹ کی راہداری میں وفاقی وزرا لڑ پڑے ۔
تحریک انصاف کی پارلیمانی پارٹی اجلاس کے بعد شہباز گل کی صحافیوں سے بات چیت کرنے پر شبلی فراز شہباز گل پر برہم ہو گئے ، شبلی فراز نے کہا کہ آپ کیا کر رہے ہیں،میں پریس کانفرنس کرنے جا رہا۔
وفاقی وزیر اطلاعات شبلی فراز نے شہباز گل کو صحافیوں سے بات کرنے سے روک دیا ، شہباز گل نے جواب دیا کہ میں صحافیوں کو صرف قرض سے متعلق نمبرز بتا رہا ہوں، شبلی فراز نے کہا کہ یہ میرا کام ہے، آپ ایسا نہیں کر سکتے، شہباز گل نے کہا کہ میں نے کچھ نہیں کیا، شبلی فراز نے کہا کہ آپ بھی میرے ساتھ پریس کانفرنس میں آ جائیں، شہباز گل شبلی فراز کو وضاحت پیش کرتے رہے۔
وزیر اطلاعات شبلی فراز اور معاون خصوصی سیاسی ابلاغ شہباز گل کے درمیان پریس کانفرنس کرنے پر تو تو میں میں۔ وجہ پارلیمانی پارٹی کے اجلاس کے بعد میڈیا بریفنگ بنی ۔ گِل نے بریفنگ دینا چاہی تو شبلی نے کہا بریفنگ تو میں دوں گا pic.twitter.com/Ch3WyubeSE
— Mubashir Zaidi (@Xadeejournalist) January 27, 2021
دوسری جانب کابینہ اور پارلیمانی کمیٹیوں میں سیکرٹریز کی عدم شرکت پر وفاقی وزرا نے ناراضگی کا اظہار کرتے ہوئے وزیراعظم کو شکایت کردی۔عمران خان نے نوٹس لیتے ہوئے وفاقی سیکرٹریز کوہرصورت اجلاسوں میں شرکت کی ہدایت کردی۔
ذرائع کے مطابق چند وفاقی وزرا نے اہم کمیٹیوں کے اجلاسوں میں سیکرٹریز کی غیرحاضری برہمی کا اظہار کیا اور وزیراعظم کو اس کی شکایت بھی کی جس پر عمران خان نے وفاقی سیکرٹریز کی عدم شرکت کی شکایات کا سختی سے نوٹس لیا ہے۔وزیراعظم نے وفاقی سیکرٹریز کو ہرصورت کابینہ وپارلیمانی کمیٹی اجلاسوں میں شرکت کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ سیکرٹریز مکمل تیاری کے ساتھ اجلاسوں میں ذاتی شرکت کو یقینی بنائیں۔
ذرائع کے مطابق کابینہ ڈویژن نے وزیراعظم اور کابینہ کے فیصلے پر وفاقی سیکرٹریز کو ہدایت نامہ بھی بھجوادیا ہے جس کے بعد وفاقی سیکرٹری سرکاری مصروفیات کے باعث غیرحاضری کے بارے میں کابینہ کو قبل ازوقت تحریری طور پر آگاہ کرے گا۔