ہمارا واٹس ایپ چینل جوائن کریں

بغیر ہیلمٹ پٹرول نہ فراہم کرنے کا حکم غیر قانونی قرار

 بغیر ہیلمٹ پٹرول نہ فراہم کرنے کا حکم غیر قانونی قرار
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

ملک محمد اشرف :بغیرہیلمٹ موٹر سائیکل سواروں کو پٹرول کی عدم فراہمی کا معاملہ ، سپریم کورٹ لاہور رجسٹری میں ہیلمٹ کے بغیر پٹرول  کی عدم فراہمی کے خلاف درخواست پر سماعت،عدالت نے ڈی سی کی جانب سے بغیر ہیلمٹ پٹرول کی فراہمی کے حکم کو غیر قانونی قرار دے دیا ۔عدالت نے قرار دیا کہ کوئی قانون موجود نہیں پھر بغیر ہیلمٹ پٹرول کی عدم فراہم کا نوٹیفکیشن کیسے جاری کیاجاسکتا ہے۔

سپریم کورٹ کے جج جسٹس منظور احمد ملک کی سربراہی میں تین رکنی بنچ نے میاں عرفان بشیر کی درخواست پر سماعت کی ۔تین رکنی بنچ میں جسٹس سید منصور علی شاہ اور جسٹس امین الدین خان شامل تھے۔ ڈی سی مدثر ریاض ملک اورسی ٹی او کیپٹن ریٹائرڈ حماد عابد بھی عدالت پیش ہوئے۔

گزشتہ سماعت پر سرزنش ہونے کے بعد ڈی سی مدثر ریاض ملک پینٹ کوٹ، ٹائی اور بند شوز میں ملبوس ہوکر عدالت کے روبرو پیش ہوئے،جسٹس منظور احمد ملک نے لا آفیسر سے استفسار کیا کہ ہمارے سامنے سوال ہے کہ ہیلمٹ کے بغیر پٹرول نہیں ملے گا اس بارے آپ کیا کہتے ہیں ؟ جسٹس سید منصور علی شاہ نے کہا یہ تو قانون کا کام ہے کہ کن شرائط پر پٹرول ملے گا یا نہیں ،لاء آفیسر نے جواب دیا موٹرویکلز آرڈیننس میں موٹر سائیکل سواروں کے لیے ہیلمٹ پہنا ضروری ہے،ڈپٹی کمشنر نے سنگل بینچ کے حکم کو بنیاد بنا کر نوٹیفکیشن جاری کیا ،جسٹس منظور احمد ملک نے لاء افسرسے کہا کیا آپ ڈی سی کے نوٹیفکیشن سے اتفاق کرتے ہیں نہیں، لاء افسر نے وہ قانون سازی کے بغیر جاری ہونے والے نوٹیفکیشن سے اتفاق نہیں کرتے تاہم ہیلمٹ پہننے کے بہت سے فوائد ہیں ۔

جسٹس سید منصور علی شاہ نے کہا پارلیمنٹ کا کام قانون سازی ہے ایگزیکٹو کا کام صرف اس پر عملدرآمد کرانا ہے ۔جسٹس منظور احمد ملک نے ڈی سی مدثر ریاض ملک سے مکالمہ کرتے ہوئے کہا کہ عدالت میں جو بھی آتا ہے وہ ہمارے لئے قابل احترام ہے ،آپ کے لباس کے حوالے سے گزشتہ سماعت پرجو ریمارکس دیے اس کا مقصد آپ کی دل آزاری نہیں تھا ۔

درخواست گزار کی جانب سے موقف اختیار کیا گیا کہ ہائیکورٹ کے حکم کو جواز بناکر ڈی سی نے ہیلمٹ نہ پہننے والوں کو پٹرول فراہم نہ کرنے کا نوٹیفکیشن جاری کیا جس کے لئے قانون سازی نہیں کی گئی ،ڈپٹی کمشنر کے جاری کیے گئے نوٹیفکیشن سے پٹرول پمپ پر پٹرول کی فروخت کم ہوئی ،استدعا ہے کہ عدالت بغیرہیلمٹ موٹر سائیکل سواروں کو پٹرول کی عدم فراہمی بارے ڈی سی لاہور حکم کالعدم قرار دے۔

Azhar Thiraj

Senior Content Writer