سید احمد :ایئرسیال کے پاس طیاروں کی کمی نے ایک بار پھر تشویشناک صورتحال اختیار کر لی ہے، جس کے باعث مسافروں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔
ایئرسیال انتظامیہ پر مسافروں سے نامناسب رویے اور ناقص انتظامات کے الزامات بھی سامنے آئے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق 24 دسمبر کو جدہ سے لاہور آنے والی ایئرسیال کی پرواز پی ایف 717 کے ذریعے 200 سے زائد عمرہ زائرین نے پاکستان واپس آنا تھا، تاہم طیارے میں فنی خرابی کا جواز بنا کر مسافروں کو ایئرپورٹ سے ہوٹل منتقل کر دیا گیا۔ مسافروں کا کہنا ہے کہ اس کے بعد ایئرسیال انتظامیہ کا کوئی بھی نمائندہ ان سے ملاقات کے لیے ہوٹل نہیں آیا۔
متاثرہ مسافروں کے مطابق تین دن گزرنے کے باوجود وہ تاحال جدہ کے ہوٹل میں محصور ہیں اور ایئرسیال انتظامیہ روانگی کی حتمی تاریخ دینے سے بھی انکار کر رہی ہے۔ صورتحال سے تنگ آ کر مسافر ایئرسیال انتظامیہ کے رویے کے خلاف پھٹ پڑے ہیں۔
مسافروں نے الزام عائد کیا ہے کہ ہوٹل میں فراہم کیا جانے والا کھانا ناقِص معیار کا ہے جبکہ بزرگ مسافروں کے پاس ادویات ختم ہو چکی ہیں اور ہوٹل میں ادویات کی فراہمی کا کوئی بندوبست موجود نہیں۔ مسافروں کا کہنا ہے کہ پاکستان واپسی کے حوالے سے ایئرلائن انتظامیہ کسی قسم کی واضح معلومات فراہم نہیں کر رہی۔
200 سے زائد عمرہ زائرین بدستور لاہور روانگی کے منتظر ہیں اور انہوں نے متعلقہ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ معاملے کا فوری نوٹس لے کر انہیں جلد از جلد پاکستان واپس بھیجا جائے۔