ویب ڈیسک: شہر قائد میں ای چالان سسٹم نافذ کر دیا گیا ہے، اب بلدیہ عظمیٰ کراچی (کے ایم سی) نے افسران اور ملازمین کو ٹریفک قوانین پر سختی سے عمل کرنے کی ہدایت جاری کر دی ہے۔
کے ایم سی کے افسران اور ملازمین سرکاری گاڑیوں پر ہونے والے ٹریفک ای چالان کا جرمانہ خود ادا کریں گے۔ ہدایات کے مطابق سرکاری گاڑی استعمال کرنے والے افسران دوران ڈرائیونگ سیٹ بیلٹ کا استعمال یقینی بنائیں گے۔
احکامات میں گاڑیوں میں ٹنٹڈ گلاسز اور موبائل فون کے استعمال پر پابندی عائد کی گئی ہے جبکہ اوور اسپیڈنگ سے بھی گریز کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔ سرکاری گاڑیوں کی نمبر پلیٹس میں رد و بدل کی صورت میں متعلقہ افسر کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔
اس کے علاوہ غلط راستے کے استعمال پر پابندی اور موٹر سائیکل سواروں کے لیے ہیلمٹ کا استعمال لازمی قرار دیا گیا ہے۔