ویب ڈیسک: عالمی مارکیٹ میں خام تیل کی قیمتوں میں گزشتہ روز تین فیصد تک اضافہ ہو گیا، قیمتیں اس ماہ کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئیں۔
موقر قومی اخبار کی رپورٹ کے مطابق برطانوی آئل برینٹ کے سودے 2.93 فیصد اضافے کے ساتھ 81.40 ڈالر فی بیرل پر ہوئے۔امریکی ویسٹ ٹیکساس انٹرمیڈیٹ کے سودے 3.1 فیصد اضافے کے ساتھ 75.81 ڈالر فی بیرل پر ہوئے۔واضح رہے کہ عالمی مارکیٹ میں خام تیل کی قیمتوں میں اضافے کے برعکس پاکستان میں پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کا امکان ہے۔
رپورٹ کے مطابق پیٹرول کی قیمت میں 1 روپے 72 پیسے فی لیٹر کمی کا امکان ہے تاہم ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں تقریباً ایک روپے فی لیٹر کا معمولی اضافہ متوقع ہے،جس کی وجہ بین الاقوامی ڈیزل کی قیمتوں میں معمولی اضافہ ہے۔رپورٹ کے مطابق عالمی مارکیٹ کے زیراثر پاکستان میں پیٹرول کی نئی قیمت 265.62 روپے فی لیٹر جبکہ ڈیزل کی قیمت متوقع اضافے کے بعد 277.21 روپے فی لیٹر ہونے کا امکان ہے۔