ویب ڈیسک : سندھ کے گورنر کامران ٹیسوری نے کراچی کے تاجروں کے مسائل حل کرانے کا اعلان کردیا۔
ترجمان گورنر ہاؤس کے مطابق شہرِ قائد میں کامران ٹیسوری سے عتیق میر کی سربراہی میں آل کراچی تاجر اتحاد کے وفد نے ملاقات کی۔ وفد نے کامران ٹیسوری کو دہرے ٹیکسز سے متعلق آگاہ کیا، اس دوران بارش کے بعد مارکیٹوں کی صورتحال اور لوڈشیڈنگ پر بھی گفتگو ہوئی۔
تاجر رہنما نےکہا کہ بارش کے پانی، کیچڑ سے دکاندار، خریدار مشکلات کا شکار ہیں، کراچی کی کئی مارکیٹیں آج بھی پانی، کیچڑ اور بجلی کی عدم فراہمی سے بند ہیں۔ انہوں نے کہا کہ رواں سال 27 فیصد اضافی ٹیکس دینے کے باوجود کراچی کی صورتحال ابتر ہے، گورنر سندھ کی تاجر برادری کے مسائل میں دلچسپی حوصلہ افزا ہے۔
گورنر سندھ نے وفد سے گفتگو میں کہا کہ تاجر برادری قومی معیشت کی ریڑھ کی ہڈی ہے، ان کی خدمات لائقِ تحسین ہیں، ان کے مسائل حل کراؤں گا۔ کامران ٹیسوری نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف، وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب اور وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ سے مسائل پر بات کروں گا۔