ویب ڈیسک : بیلاروس کے وزیر داخلہ ایوان کُبرکوف نے پاکستانی ہم منصب محسن نقوی سے ملاقات کی، جس میں باہمی دلچسپی کے امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
پاکستان آمد پر بیلاروس کے وزیر داخلہ ایوان کُبرکوف کا محسن نقوی نے گرمجوشی سے خیرمقدم کیا۔
ملاقات میں دونوں وزراء کے درمیان دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے اور باہمی دلچسپی کے امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس کے علاوہ انسداد دہشت گردی، انسداد منشیات، بارڈر سیکیورٹی اور پولیس ٹریننگ جیسے شعبوں میں تعاون بڑھانے پر اتفاق ہوا۔
ملاقات وفود کی سطح پر بھی جاری رہی جہاں دونوں فریقین نے مختلف امور پر مذاکرات کیے اور ایکسٹراڈیشن معاہدے کو حتمی شکل دے دی گئی جو مجرمانہ عناصر کی باہمی حوالگی کو ممکن بنائے گا۔
بیلاروس کے وزیر داخلہ ایوان کُبرکوف کا دورہ پاکستان، وزارت داخلہ آمد
— Ministry of Interior GoP (@MOIofficialGoP) August 27, 2025
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے بیلاروس کے وزیر داخلہ ایوان کُبرکوف کا وزارت داخلہ آمد پر خیر مقدم کیا
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کی بیلاروس کے وزیر داخلہ ایوان کُبرکوف سے
ملاقات pic.twitter.com/Q7KTzqJ3yT
دونوں وزارتوں کے درمیان جوائنٹ ورکنگ گروپ قائم کرنے پر اتفاق کیا گیا جو باقاعدہ طور پر تعاون کے شعبوں پر نظر رکھے گا۔ انسداد منشیات کے شعبے میں تعاون کو مزید فروغ دینے کے لیے مفاہمت کی یادداشت پر جلد دستخط کرنے کا فیصلہ بھی ہوا۔ اس کے علاوہ دونوں وزراء نے پولیس ٹریننگ ایکسچینج پروگرام شروع کرنے پر بھی اتفاق کیا جس سے دونوں ممالک کی پولیس فورسز کو جدید تربیت حاصل ہو سکے گی۔
بیلاروس کے وزیر داخلہ ایوان کبرکوف نے کہا کہ پاکستان کے ساتھ باہمی تعاون کو تمام شعبوں میں فروغ دینا چاہتے ہیں۔ انہوں نے وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کو دورہ بیلاروس کی دعوت بھی دی۔