ملک اشرف : سانحہ نو مئی میں سزا یافتہ سابق اراکین اسمبلی کی نااہلی کے خلاف لاہور ہائیکورٹ میں انٹرا کورٹ اپیلیں دائر کردی گئیں ، رجسٹرار آفس نے اپیلوں کے قابل سماعت ہونے پر اعتراض عائد کرتے انہیں کل بطور اعتراض کیس سماعت کے لئے مقرر کردیا ۔
سانحہ نو مئی میں سزا یافتہ پاکستان تحریک انصاف کے سابق اراکین اسمبلی نے اپنی نااہلی کے خلاف لاہور ہائیکورٹ میں انٹرا کورٹ اپیلیں دائر کر دی ہیں۔سابق ایم پی اے احمد خان بچر اور سابق ایم این اے محمد احمد چٹھہ کی جانب سے اپیلیں جمع کرائی گئیں۔تاہم لاہور ہائیکورٹ کے رجسٹرار آفس نے انٹرا کورٹ اپیلوں پر اعتراض عائد کر دیا۔ رجسٹرار آفس کے اعتراض کے مطابق سزا یافتہ سابق اراکین اسمبلی نے سرنڈر نہیں کیا، اس لیے وہ براہِ راست ہائیکورٹ سے رجوع نہیں کر سکتے۔رجسٹرار آفس نے اپیلوں کو بطور اعتراض کیس 28 اگست کو سماعت کے لیے مقرر کر دیا ہے۔ جسٹس علی ضیاء باجوہ کی سربراہی میں دو رکنی بینچ اعتراض کیس کی سماعت کرے گا۔
بینچ یہ فیصلہ کرے گا کہ رجسٹرار آفس کا اعتراض برقرار رکھا جائے یا ختم کیا جائے۔ اگر اعتراض ختم ہوا تو اپیلیں باقاعدہ سماعت کے لیے مقرر کر دی جائیں گی۔
یاد رہے کہ جسٹس خالد اسحاق نے اس سے قبل احمد خان بچر اور محمد احمد خان چٹھہ کی نااہلی کے خلاف درخواستیں خارج کر دی تھیں۔