سٹی42: پنجاب میں ممکنہ سیلابی صورتحال کے پیش نظر سیف سٹی اتھارٹی نے تمام فلڈ مانیٹرنگ ٹیموں کو 24/7 الرٹ کر دیا ہے۔ لاہور سمیت مختلف شہروں میں شہریوں کے تحفظ اور ریسکیو سرگرمیوں میں معاونت کے لیے اسمارٹ سیف سٹی سسٹمز مکمل طور پر فعال کر دیے گئے ہیں۔
پنجاب بھر میں 600 سے زائد جدید نگرانی کیمروں کی مدد سے ندی نالوں، نشیبی علاقوں اور متاثرہ مقامات کی براہِ راست نگرانی جاری ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ سیف سٹی کے تھرمل ڈرونز سیلاب زدہ علاقوں میں پھنسے افراد کی نشاندہی اور ریسکیو مشنز میں بھی استعمال کیے جا رہے ہیں۔
سیف سٹی سسٹمز کی جانب سے پی ڈی ایم اے (PDMA) کو ممکنہ سیلابی خطرات، بارش، اربن فلڈنگ اور پانی جمع ہونے کی صورتحال سے متعلق رئیل ٹائم الرٹس فراہم کیے جا رہے ہیں تاکہ متعلقہ ادارے فوری ردعمل دے سکیں۔
ترجمان سیف سٹی کا کہنا ہے کہ شہری غیر ضروری طور پر گھروں سے باہر نہ نکلیں، خاص طور پر ندی نالوں، بجلی کے کھمبوں اور پانی سے بھرے مقامات سے دور رہیں۔ فلڈ مانیٹرنگ ٹیمیں مسلسل نگرانی کر رہی ہیں اور کسی بھی ہنگامی صورتحال میں فوری اقدامات یقینی بنائے جا رہے ہیں۔