قیصرکھوکھر: مستقل سیکرٹری نہ ہونے سے محکمہ لائیوسٹاک میں انتظامی امور بری طرح متاثر، ایک سال میں 5 سیکرٹری تبدیل ہونے سے محکمانہ معاملات بھی درست سمت میں نہ چل سکے۔
تفصیلات کے مطابق حکومت پنجاب کی لائیوسٹاک کی صنعت میں عدم دلچسپی اس بات سے ظاہر ہوتی ہے کہ ایک سال میں 5 سیکرٹریز تبدیل کر دیئے گئے۔ بار بار سیکرٹری تبدیل ہونے سے جہاں محکمانہ امور متاثر ہوئے وہیں لائیوسٹاک کی صنعت کو بھی دھچکا لگا، حکومت نےایک سال میں سیکرٹری نسیم صادق، محمد محمود، احسن وحید، زاہد حسین کو ان کی تقرری کا دورانیہ مکمل ہونے سے قبل ہی مختصرعرصے کے بعد ہی تبدیل کر دیا۔
اس وقت چندروزقبل نبیل احمداعوان کو سیکرٹری لائیوسٹاک تعینات کیا گیا ہے، باربارسیکرٹری بدلنے سے محکمہ لائیوسٹاک کے پالیسی معاملات اور جانوروں کی بہتری کے اقدامات متاثر ہو رہے ہیں۔ ملازمین اور افسران بھی سیکرٹری کی بار بارتبدیلی سے پریشان ہیں، جبکہ ویٹرنری ڈاکٹروں اور سٹاف کی بہتری اور ترقی کیلئے بھی کوئی خصوصی پیکیج شروع نہیں کیا گیا۔
حکومت کو چاہیئے کہ وہ جو بھی سیکرٹری لائیوسٹاک تعینات کرے اسے دو یا تین سال کیلئے کام کرنے کا موقع دیا جائے جب مستقل سیکرٹری ہوگا تب ہی محکمہ اورلائیوسٹاک کی صنعت ترقی کرے گی۔