عرفان ملک:لاہور پولیس نے شہر میں ون ویلنگ اور خطرناک موٹر سائیکل ریسنگ کے خلاف سخت کارروائیاں تیز کر دی ہیں۔
ترجمان کے مطابق رواں ماہ کے دوران ون ویلنگ میں ملوث 74 افراد کو گرفتار کیا گیا ہے، جبکہ ان کے خلاف مختلف تھانوں میں مقدمات بھی درج کیے گئے ہیں۔ اسی طرح رواں سال اب تک مجموعی طور پر 637 ون ویلرز گرفتار کیے جا چکے ہیں اور 604 مقدمات درج کیے گئے ہیں۔
ڈویژن وائز کارروائیوں کی تفصیل کے مطابق ماڈل ٹاؤن ڈویژن میں 166، کینٹ میں 146 اور سول لائنز ڈویژن میں 100 ون ویلرز کو گرفتار کیا گیا ہے۔
سی سی پی او لاہور بلال صدیق کمیانہ نے ہدایت کی ہے کہ ون ویلنگ اور ریسنگ میں ملوث عناصر کے خلاف بلا امتیاز کارروائیاں جاری رکھی جائیں۔ انہوں نے کہا کہ ون ویلنگ کے ہاٹ اسپاٹس پر پٹرولنگ ٹیموں کی موجودگی یقینی بنائی جائے تاکہ ایسے واقعات کی روک تھام ممکن ہو سکے۔
انہوں نے مزید کہا کہ سائلنسر نکال کر شور اور ماحولیاتی آلودگی پھیلانے والوں کے خلاف بھی سخت کارروائی کی جائے، جبکہ موٹر سائیکلوں کی غیر قانونی تبدیلی (آلٹریشن) کرنے والی ورکشاپس کے خلاف بھی کریک ڈاؤن کیا جائے۔
سی سی پی او نے والدین کو ہدایت کی کہ وہ کم عمر بچوں کو موٹر سائیکل چلانے کی اجازت ہرگز نہ دیں۔ انہوں نے ٹریفک پولیس کو بھی ہدایت کی کہ شہریوں میں محفوظ ڈرائیونگ سے متعلق شعور اجاگر کرنے کے لیے مزید آگاہی مہم چلائی جائے۔