علی ساہی:پنجاب بھر میں غیر قانونی طور پر مقیم غیر ملکی باشندوں کے انخلا کا عمل تیزی سے جاری ہے۔ ترجمان پنجاب پولیس کے مطابق صوبے بھر سے اب تک 34 ہزار 545 افغانیوں سمیت مختلف غیر ملکی باشندوں کو ڈی پورٹ کیا جا چکا ہے۔
حکام کے مطابق اس وقت 203 غیر قانونی مقیم افراد ہولڈنگ پوائنٹس پر موجود ہیں، جن کے انخلا کا عمل بھی جلد مکمل کیا جائے گا۔ ڈی پورٹ کیے جانے والوں میں 13 ہزار 389 مرد، 6 ہزار 963 خواتین اور 14 ہزار 224 بچے شامل ہیں۔
مزید تفصیلات کے مطابق ڈی پورٹ ہونے والوں میں 10 ہزار 771 ایسے افراد بھی شامل ہیں جو رہائشی ثبوت رکھتے تھے، جبکہ 11 ہزار 131 افراد افغان سٹیزن کارڈ کے حامل تھے۔ اس کے علاوہ 12 ہزار 643 غیر قانونی طور پر مقیم غیر ملکی باشندے بھی شامل ہیں۔
انسپکٹر جنرل پنجاب پولیس، عبدالکریم نے بتایا کہ صوبے بھر میں سکیورٹی کو ہائی الرٹ کر دیا گیا ہے اور تمام متعلقہ اداروں کو ہدایت جاری کی گئی ہے کہ غیر قانونی مقیم افراد کے انخلا کو ہر صورت یقینی بنایا جائے۔