سٹی42:بھارت کو ایک اور عالمی سطح پر سبکی کا سامنا، لندن میں پاکستان ہائی کمیشن پر حملے کی منصوبہ بندی کو پاکستانی کمیونٹی اور برطانوی پولیس نے بروقت ناکام بنا دیا۔
تفصیلات کے مطابق، 300 سے 400 کے قریب منظم بلوائیوں کا گروہ، جسے مبینہ طور پر بھارتی خفیہ ایجنسی "را" نے متحرک کیا تھا، پاکستان ہائی کمیشن پر دھاوا بولنے اور پاکستانی پرچم کو اتارنے کے ناپاک منصوبے کے ساتھ پہنچا، سوشل میڈیا پر متعدد ویڈیوز بھی وائرل ہوئی ہیں جن میں بھارتی شرپسندوں کو پاکستان ہائی کمیشن کے باہر نعرے بازی کرتے دیکھا جاسکتا ہے۔
مظاہرین میں اسرائیلی شہری بھی موجود تھے جو اپنے جھنڈے لہرا رہے تھے، جبکہ کئی ہندو انتہاپسند ماتھوں پر 'فتح' کے نشانات لگائے ہوئے تھے۔ چار نقاب پوش افراد کو خاص طور پر پرچم اتارنے کا ہدف دیا گیا تھا، تاہم ان کی کوشش برطانوی پولیس نے ناکام بنا دی اور انہیں گرفتار کر لیا گیا۔
ابتدائی طور پر صرف چار پولیس اہلکار تعینات تھے، لیکن صورت حال سنگین ہونے پر نفری بڑھا کر پچاس اہلکاروں تک کر دی گئی۔ اس دوران پتہ چلا کہ بلوائی ایک گاڑی میں تین بالٹیاں مالٹے رنگ کے پینٹ بھی لائے تھے، جنہیں ہائی کمیشن کی عمارت پر پھینک کر اسے آر ایس ایس کے زعفرانی رنگ سے داغدار کرنا چاہتے تھے، مگر پاکستانی شہریوں کی بروقت مزاحمت نے ان کے ناپاک عزائم خاک میں ملا دیے۔
پاکستانی ہائی کمیشن کے چھ عملہ ارکان پرچم کی حفاظت پر مامور تھے جبکہ بڑی تعداد میں پاکستانی کمیونٹی کے افراد بھی موقع پر پہنچ گئے، جنہوں نے حب الوطنی کے ترانے گا کر بھارتی مظاہرین کے نعروں کا بھرپور جواب دیا۔
دفاعی ماہرین کا کہنا ہے کہ یہ واقعہ بھارت اور اسرائیل کے بڑھتے ہوئے گٹھ جوڑ کی واضح عکاسی کرتا ہے، جو پاکستان اور عالمی مسلم برادری کے خلاف سازشیں کر رہے ہیں۔ ماہرین نے خبردار کیا کہ بھارت کی اس قسم کی اشتعال انگیزیوں کے نتیجے میں بھارتی سفارتی مشنز کو عالمی سطح پر شدید ردعمل کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔