ویب ڈیسک:بلوچستان میں گر کر تباہ ہونے والے پاک فوج کے ہیلی کاپٹر کے حادثے پر وزیر اعظم شہباز شریف اور وزیر اعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الٰہی نے افسوس کا اظہار کیا ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے شہدا میجر خرم، میجر منیب افضل،صوبیدار عبدالواحد، شہید سپاہی عمران، نائیک جلیل اور سپاہی شعیب کےاہل خانہ سےاظہار تعزیت کیا۔
ہرنائی بلوچستان میں پاک فوج کے ہیلی کاپٹر کے حادثے میں 2 پائلٹس سمیت 6 فوجی اہلکاروں کی شہادت پر دل شدید دکھی اور رنجیدہ ہے۔اللہ تعالی سے دعا ہے کہ وہ شہداء کو جنت الفردوس میں جگہ عطا فرمائے اور ان کے لواحقین کو صبر جمیل دے۔ پوری قوم غمزدہ خاندانوں کے دکھ میں شریک ہے۔
— Shehbaz Sharif (@CMShehbaz) September 26, 2022
اس موقع پر وزیر اعظم نے کہا کہ مادر وطن کے تحفظ،سلامتی اور دفاع کے لیے افواج پاکستان نے بےمثال قربانیاں دی ہیں، قوم کو اپنے شہدا پر فخر ہے، یہ قربانیاں ناقابل فراموش ہیں۔
دوسری جانب وزیراعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الٰٰہی نے حادثے میں شہید ہونے والوں کو خراج عقیدت پیش کیا او ر شہداکےاہلخانہ سے دلی ہمدردی اور اظہار تعزیت کی۔بلوچستان میں فلائنگ مشن کے دوران پاک آرمی کے ہیلی کاپٹر گرنے کے واقعہ پرگہرا دکھ اورافسوس ہوا ہے۔ شہداء کے اہل خانہ سے دلی ہمدردی ہے۔ شہداء نے اپنی زندگیاں فرض کی ادائیگی پر قربان کیں۔قوم کو شہداء کی فرض شناسی پر فخر ہے۔ شہید ہونے والے فوجی افسران قوم کے ہیرو ہیں۔
— Ch Parvez Elahi (@ChParvezElahi) September 26, 2022
چوہدری پرویز الٰہی نے کہا کہ شہداکی عظیم قربانی کو کبھی فراموش نہیں کرسکتے۔واضح رہے کہ گزشتہ روز بلوچستان میں پاک فوج کا ہیلی کاپٹر فلائنگ مشن کے دوران گر کر تباہ ہو گیا تھا جس میں سوار دونوں پائلٹس سمیت 6 افسران و اہلکار شہید ہو گئے تھے۔