ویب ڈیسک: پاکستان مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز نے پولیس اہلکار کی موت کا ذمہ دار عمران خان کو قرار دیا۔
لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا کہ اندازہ ہے شہید کانسٹیبل کے گھر والوں پر کیا قیامت ٹوٹی ہے، شہید کا بڑا بیٹا گیارہ سال کا ہے، اس خون ناحق کا ذمہ دار عمران خان ہے۔ مریم نواز نے کہا کہ خوشی ہے قوم کو ادراک ہے کہ یہ انقلاب نہیں انتشار تھا، آزادی دلانا ہے تو اپنے بچوں کو لندن سے واپس بلا لیں۔
رہنما مسلم لیگ ن نے کہا کہ عمران خان پورے پاکستان سے بیس ہزار افراد بھی جمع نہیں کرسکے، انقلاب آگیا بندے نہیں آئے، آپ کے پاس آج بھی اپنی کار کردگی کا جواب نہیں ہے۔مریم نواز نے کہا کہ لوگ آپ کی سازش اور جعلی انقلاب کو پہچان گئے ہیں، لوگوں نے آپ کے جعلی انقلاب کو پہچان کر آپ کو پشاور واپس بھیج دیا ہے۔رہنما مسلم لیگ ن نے کہا کہ انہوں نے دارالحکومت میں آگ لگائی، یہ ریمارکس سن کر افسوس ہوا کہ عمران خان تک صحیح پیغام نہیں پہنچا، کیا عدالت میں عمران خان کا وکیل موجود نہیں تھا؟
مریم نواز نے کہا کہ سپریم کورٹ کو یاد دہانی کروانا چاہتی ہوں پی ٹی آئی رہنماؤں کے بیانات موجود ہیں کہ مارچ خونی ہوگا، پی ٹی آئی کا ایم این اے جلاؤ گھیراؤ کی ترغیب دے رہا تھا، کسی قیادت کے بغیر یہ سب کچھ نہیں ہوا، سپریم کورٹ اپنے فیصلے پر نظر ثانی کرے۔انہوں نے کہا کہ شہید کانسٹیبل کے بچوں کی تعلیم اور صحت کے اخراجات حکومت برداشت کرے گی، مذہب کا یوں استعمال گناہ ہے، مذہب کے نام پر لوگوں کو ورغلانے کے لیے آپ ایسے ہتھکنڈے استعمال کر رہے ہیں۔