درِ نایاب: پارکس اینڈ ہارٹیکلچر اتھارٹی ( پی ایچ اے) نے کاروباری سہولت کاری اور ادارہ جاتی شفافیت کو فروغ دینے کے لیے ایک اہم اقدام اٹھاتے ہوئے بیرونی کاروباری تشہیر کی رجسٹریشن کا عمل مکمل طور پر آن لائن کر دیا ہے۔
ذرائع کے مطابق نئے نظام کے تحت کمپنیوں کی رجسٹریشن اور تشہیری بورڈز کے لیے درکار این او سی اب صرف ای بز ایپ کے ذریعے جاری کیے جائیں گے۔
اس کے علاوہ عارضی تشہیری مہمات کے لیے اجازت نامے بھی اسی ایپ کے ذریعے حاصل کیے جا سکیں گے، جس سے طریقہ کار مزید آسان اور تیز ہو جائے گا۔
ای بز پورٹل کی ایک نمایاں خصوصیت یہ ہے کہ درخواست دہندگان اپنی درخواستوں کی پیشرفت کو حقیقی وقت میں ٹریک کر سکیں گے، جس سے شفافیت میں اضافہ ہوگا اور غیر ضروری تاخیر کا خاتمہ ممکن ہوگا۔
ڈی جی پی ایچ اے، راجہ منصور احمد کے مطابق، ادارہ مرحلہ وار اپنی تمام سرکاری خدمات کو ای بز ایپ پر منتقل کر کے ایک مکمل ڈیجیٹل ون ونڈو نظام قائم کرے گا۔
انہوں نے کہا کہ اس اقدام کا بنیادی مقصد وقت اور لاگت کی بچت کے ساتھ ساتھ شفافیت کو یقینی بنانا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ای بز پورٹل، حکومتِ پنجاب کی ایز آف ڈوئنگ بزنس پالیسی کا ایک مرکزی ستون ہے اور یہ ایپ صوبے میں سرمایہ کاری کے فروغ کے لیے گیم چینجر ثابت ہوگی۔