سٹی 42:کبھی کبھی انسان کو ناصح بننا مہنگا پڑ جاتا ہے،ایسا ہی کچھ معروف اداکارہ حرا مانی کے ساتھ ہوا ہے۔
ہوا یوں کہ اداکارہ حرا مانی نے لوگوں کو کورونا وائرس پھیلاؤ روکنے کے لیے گھروں میں رہنے کی ہدایت کی جو انہیں خود ہی مہنگی پڑ گئی۔فوٹو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر اداکارہ حرا نے اپنے شوہر و اداکار مانی کے ساتھ لی گئی ایک تصویر پوسٹ کی جس میں دونوں ماسک پہنے ہوئے ہیں اور ایک دوسرے سے قریب ہیں۔
اداکارہ نے پوسٹ شیئر کرتے ہوئے سب سے پہلے تمام افراد کو ہدایت کی کہ ’گھر پر رہیں اور محفوظ رہیں،ہمارے کورونا کے ٹیسٹ منفی آئیں ہیں اور یہ خود سے قرنطینہ اختیار کرنے کے بعد کی تصویر ہے اور اب بھی ہم گھروں میں محدود ہیں۔
آخر میں اداکارہ نے درخواست کی ’آپ سب بھی اسی طرح احتیاط کریں ضروری ہے‘۔پوسٹ کے کیپشن پر غور کیا جائے تو حرا مانی موجودہ صورتحال میں کسی نقصان سے بچنے کے لیے ٹھیک ہی ہدایت کر رہی ہیں مگر تب بھی وہ اپنی شیئر کردہ تصویر کے باعث تنقید کا شکار ہوگئیں۔
متعدد مداحوں نے تصویر پر ناپسندیدگی کا اظہار کرتے ہوئے لکھا کہ ’پہلے آپ خود اس پر عمل کریں۔ڈاکٹر فائزہ حسین نامی مداح لکھتی ہیں’ آئسولیشن کو مطلب اپنے ہاتھوں کو خود سے بھی دور رکھنا ہے، کوئی مصافحہ نہیں، پڑھے لکھے لوگوں سے یہ امید نہیں تھی۔
جب کہ یوسی نامی صارف نے اداکارہ کو کومنٹ میں فاصلہ اختیار کرنے کی ہدایت کی، اسی طرح مورس نامی مداح نے بھی لکھا کہ آپ خود بھی فاصلہ اختیار کریں۔زوہیب نامی صارف نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے لکھا کہ حکومت نے گھر رہنے کو کہا ہے، گھر پر رہ کر یہ سب کرنے کو نہیں کہا۔
یاد رہے پاکستان میں بھی کورونا وائرس کے کیسز میں تیزی سے اضافہ ہورہا ہے اور ملک میں مجموعی متاثرین کی تعداد 1000 سے تجاوز کر گئی ہے، ملک میں کورونا ایک اور جان لے گیا، ہلاکتوں کی تعداد 8 ہوگئی، محکمہ پرائمری اینڈ سکینڈری ہیلتھ کیئر کے مطابق لاہورمیں کوروناکے مریضوں کی تعداد 80 اور پنجاب میں کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد 323 ہوگئی ہے، تمام کنفرم مریض آئسولیشن وارڈز میں داخل ہیں، ان مریضوں کو مکمل طبی سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔