ویب ڈیسک: فرانس کی سرکاری بجلی کمپنی ای ڈی ایف نے شدید گرمی کی لہر سے نمٹنے کے لیے ملک بھر کے اسکولوں، کنڈرگارٹن اور ڈے کیئر سینٹرز میں کولنگ سسٹمز کی تنصیب کے لیے 8 کروڑ یورو (تقریباً 9 کروڑ 10 لاکھ ڈالر) خرچ کرنے کا اعلان کیا ہے۔
کمپنی کے مطابق 30 ستمبر تک تعلیمی اداروں کو ہر پنکھے یا ایئر کنڈیشنر کی خریداری پر 400 یورو کی مالی امداد دی جائے گی، جبکہ ہر ادارہ زیادہ سے زیادہ 10 کولنگ ڈیوائسز خرید سکے گا۔
ای ڈی ایف کا کہنا ہے کہ اس منصوبے کے تحت تقریباً ایک لاکھ پنکھوں اور ایئر کنڈیشنرز کی خریداری کے لیے 4 کروڑ یورو فراہم کیے جائیں گے۔
اس کے علاوہ بچوں کی دیکھ بھال کرنے والے 4 ہزار دیگر اداروں کو کولنگ منصوبوں کے لیے 10 ہزار یورو فی ادارہ ایک مرتبہ کی گرانٹ دی جائے گی، جس پر مزید 4 کروڑ یورو خرچ کیے جائیں گے۔
فرانس میں بیشتر سرکاری اسکولوں میں ایئر کنڈیشننگ کی سہولت موجود نہیں، جس کے باعث حالیہ شدید گرمی کے دوران ہزاروں تعلیمی ادارے عارضی طور پر بند کرنا پڑے۔ حکومت اور متعلقہ اداروں کا کہنا ہے کہ اس اقدام سے بچوں اور عملے کو گرمی کی شدت سے بہتر تحفظ فراہم کیا جا سکے گا۔