سٹی 42 : قومی پیغامِ امن کمیٹی حکومتِ پاکستان نے ملک بھر کے تمام مکاتبِ فکر کے علماء، مشائخ، ذاکرین، واعظین، خطباء، مجالس اور جلوسوں کے ذمہ داران کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا ہے کہ جس طرح ملک کے اندر امن و امان اور مذہبی رواداری کو برقرار رکھا گیا، وہ قابلِ ستائش اور قابلِ تحسین ہے۔
چیئرمین پاکستان علماء کونسل و کوارڈینیٹر وزیر اعظم و قومی پیغام امن کمیٹی حکومت پاکستان حافظ محمد طاہرمحمود اشرفی ، پیر نقیب الرحمن ، مفتی عبد الرحیم ،مولانا سید ضیاء اللہ شاہ بخاری ، مولانا مفتی کریم خان ، مولانا ڈاکٹر آصف میر ، علامہ عارف علوی ، علامہ محمد حسین اکبر ، علامہ توقیر عباس، مولانا عادل عطاری ، مولانا حافظ محمد امجد، مولانا رمضان سیالوی، مولانا سمیع اللہ آغا ، مولانا نعمان نعیم ، مولانا حافظ مقبول احمد، مولانازاہد منصور اور دیگر اکابرین مشترکہ بیان میں ملک کی افواجِ پاکستان، سلامتی کے اداروں، تمام صوبوں کی پولیس، اور صوبائی و وفاقی حکومت کے ذمہ داران کا بھی شکریہ ادا کیا ہے کہ جنہوں نے امن و امان کے حوالے سے بھرپور تعاون کیا، اور الحمدللہ عاشورہِ محرم امن و امان اور باہمی مذہبی رواداری کے ساتھ مکمل ہوا۔
انہوں نے کہا کہ انشاء اللہ قومی پیغامِ امن کمیٹی ملک کے سلامتی کے اداروں، صوبائی اور وفاقی حکومت کے ساتھ مل کر اسی طرح ملک میں بین المسالک اور بین المذاہب ہم آہنگی کے فروغ کے لیے اور متشددانہ رویوں کے خاتمے کے لیے اپنا کردار ادا کرتی رہے گی۔