(قیصر کھوکھر) فرانزک سائنس ایجنسی نے پولیس کو خط لکھ دیا، جس میں سانحہ ساہیوال کے تمام شواہد جلد جمع کرنے کا کہا گیا۔
فرانزک سائنس ایجنسی کی جانب سے خط جے آئی ٹی اور آئی جی پولیس کو لکھا گیا، مراسلہ میں کہا گیا ہے کہ فرانزک آڈٹ کے لیے ساہیوال واقعہ میں استعمال ہونے والی گاڑیاں، اسلحہ مکمل اور دیگر شواہد جو موقع سے پکڑے گئے ہیں، انہیں جلد فرانزک سائنس ایجنسی کو دیا جائے تاکہ شواہد کا فرانزک آڈٹ ہو سکے۔
سٹی 42 سے گفتگو کرتے ہوئے فرانزک سائنس ایجنسی کے ڈی جی ڈاکٹر طاہراشرف نے بتایا کہ انہیں ابھی تک سانحہ ساہیوال کے حوالے سے شواہد نہیں ملے، انہوں نے جلد تمام میٹریل فراہم کرنے کے لئے پولیس کو خط لکھا ہے۔
واضح رہے کہ 19 جنوری کو ساہیوال میں سی ٹی ڈی کے اہلکاروں نے دہشتگردوں کے شبہ میں 4 افراد کو گولیاں مار کر قتل کردیا تھا، عوامی ردعمل آنے پر حکومت نے فوری طور پر جے آئی ٹی بنا دی جو واقعہ کی تحقیقات کر رہی ہے۔ جبکہ قاتل اہلکار پولیس کی حراست میں ہیں۔