ویب ڈیسک: حکومت نے پاسپورٹ قوانین میں اہم ترمیم کرتے ہوئے شادی شدہ خواتین کو پاسپورٹ پر اپنے والد کا نام برقرار رکھنے کی اجازت دے دی ہے جس کے بعد خواتین کو اپنی قانونی شناخت کے تعین میں زیادہ خودمختاری حاصل ہو گئی ہے۔
یہ اقدام عدالتی حکم پر عملدرآمد کے نتیجے میں اٹھایا گیا۔ لاہور ہائی کورٹ کے احکامات کے بعد پاسپورٹ نظام میں ضروری تبدیلیاں کی گئی ہیں، جس کے تحت شادی شدہ خواتین کو شناختی دستاویزات میں نام کے اندراج کے حوالے سے نیا اختیار دیا گیا ہے۔
محکمہ پاسپورٹ کے مطابق اب شادی شدہ خواتین اپنے پاسپورٹ پر شوہر کے نام کے بجائے والد کا نام برقرار رکھ سکیں گی۔
حکام کا کہنا ہے کہ اس ضمن میں وزارت داخلہ اور قانون کی رہنمائی میں پاسپورٹ سافٹ ویئر کو بھی اپڈیٹ کر دیا گیا ہے تاکہ عدالتی فیصلے پر مکمل اور مؤثر عملدرآمد یقینی بنایا جا سکے۔
قانونی ماہرین کے مطابق یہ فیصلہ خواتین کے شناختی حقوق کے حوالے سے ایک اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔