ویب ڈیسک : حضرت عماد الدین المعروف چنن پیر کے عرس کے موقع پر بہاولپور میں کل مقامی تعطیل ہوگی ۔
ڈپٹی کمشنر بہاولپور ڈاکٹر فرحان فاروق نے اس حوالے سے نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے، جس کے مطابق (کل) 27 فروری بروز جمعرات مقامی تعطیل ہوگی۔ مقامی تعطیل کا اعلان بسلسلہ عرس مبارک حضرت عماد الدین میلہ چنن پیر ضلع بہاولپور کے حوالے سے کیا گیا ہے۔
بہاول پور سے تقریباً 60 میل دور صحرائے چولستان میں قلعہ ڈیراور اور دین گڑھ کے درمیان پنجاب کی رقبے کے لحاظ سے سب سے بڑی تحصیل یزمان سے ذرا آگے چنن پیر کا مزار ہے، تقریباً 600 سال قدیم اس مزار پر ہندو اور مسلمان یکساں ایمان سے آتے ہیں۔
حضرت عماد الدین المعروف چنن پیر کا عرس پاکستان میں اپنی نوعیت کا واحد عرس ہے جو مسلسل سات ہفتے یعنی فروری کی آخری جمعرات بمطابق ہندی مہینے چیت سے شروع ہو کر اپریل کی اوائل جمعرات تک جاری رہتا ہے، مسلسل سات جمعرات تک جاری رہنے والا یہ میلہ پانچویں جمعرات کو اپنے عروج پر پہنچ جاتا ہے۔
حضرت چنن پیر کے ہندو اور مسلمان یکساں معتقد ہیں۔ ہندو لوگ مجاور مزارکے ہاتھ سے تبرکات لیتے ہوئے کوئی پرہیز نہیں کرتے، لوگ خصوصاً مڑیچہ ہندو یہاں زیادہ حاضری دیتے ہیں اور دیگر غیر مسلم اقوام بھی حاضری دیتے ہیں۔ جہاں حضرت چنن پیر چولستان روہی کے اس علاقہ کی شناخت ہیں اور بہت بلند نام ہیں وہاں یہ مزار امن و آشتی کے لیے بھی نمونہ ہے۔