ویب ڈیسک: براڈوے کی معروف اداکارہ امانی ڈایا اسمتھ، جو اسٹیج پر پیش کی جانے والی مشہور فلم دی لائن کنگ میں ینگ نالا کے کردار سے شہرت رکھتی تھیں، نیو جرسی میں اپنے رہائشی مکان پر چاقو کے وار سے ہلاک ہو گئیں۔ اداکارہ کی عمر 25 برس تھی۔
مڈل سیکس کاؤنٹی پراسیکیوٹر آفس کے مطابق واقعہ گزشتہ روز پیش آیا، جب صبح 9 بج کر 18 منٹ پر گروو ایونیو پر واقع ایک رہائش گاہ سے چاقو کے حملے کی اطلاع پر 911 کال موصول ہوئی۔ پولیس موقع پر پہنچی تو امانی اسمتھ کو شدید زخمی حالت میں پایا گیا، جس کے بعد انہیں فوری طور پر رابرٹ وُڈ جانسن یونیورسٹی ہسپتال منتقل کیا گیا، تاہم وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گئیں۔
پولیس نے مقتولہ کے 35 سالہ بوائے فرینڈ جارڈن ڈی جیکسن اسمال کو گرفتار کر لیا ہے۔ پراسیکیوٹر آفس کے مطابق امانی اسمتھ اور جارڈن ایک دوسرے کو پہلے سے جانتے تھے، جس کے باعث واقعے کو اتفاقی تشدد قرار نہیں دیا جا رہا۔
ابتدائی تفتیش کے بعد ملزم کو بغیر کسی مزاحمت کے گرفتار کیا گیا۔ اس پر فرسٹ ڈگری قتل، سیکنڈ ڈگری بچے کی فلاح کو خطرے میں ڈالنے، تھرڈ ڈگری غیر قانونی مقصد کے لیے ہتھیار رکھنے اور فورتھ ڈگری غیر قانونی طور پر ہتھیار رکھنے کے الزامات عائد کیے گئے ہیں۔
امانی اسمتھ کے پسماندگان میں ان کا تین سالہ بیٹا، والدین، دو کم عمر بہن بھائی اور دیگر قریبی رشتہ دار شامل ہیں۔ واضح رہے کہ امانی اسمتھ کی والدہ فلم انڈسٹری میں ہیئر ڈریسر کے طور پر کام کرتی ہیں اور حال ہی میں فلم دی ہاؤس میڈ میں ان کا کریڈٹ بھی شامل ہے۔