(اویس کیانی) صدر مملکت آصف علی زرداری نے دورہ چین کے دوران صوبہ ہونان کے پارٹی سیکرٹری شین شیاؤمنگ کی ملاقات،دو طرفہ تعلقات کومزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ۔زراعت، صحت، تعلیم اور تجارت کے شعبوں میں تعاون کوفروغ دینے پرتبادلہ خیال کیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق ملاقات میں پاک۔چین تعلقات مضبوط بنانے پراتفاق کیا گیا۔اس موقع پر صدرآصف علی زرداری نےکہا کہ پاک،چین تعلقات پاکستان کی خارجہ پالیسی کا اہم جزو ہیں،چین کے ساتھ تعلقات نسلوں پرمحیط ہیں۔ صدر مملکت نے زرعی ٹیکنالوجی اور آلات کے میدان میں صوبہ ہونان کی مہارت کو سراہا اور صوبہ ہونان کی ٹیکنالوجی کو پاکستان کی پیداواری صلاحیت بڑھانے کےلئے انتہائی موزوں قرار دیا۔ صدر مملکت نے مختلف شعبوں میں دوطرفہ تجارت کو وسعت دینے کی ضرورت پر زور دیا۔
ملاقات میں صوبہ ہونان کے پارٹی سیکرٹری شین شیاؤمنگ نےکہا کہ ہونان کی جامعات نے پاکستانی اداروں کے ساتھ تعاون کے 12معاہدے کئے ہیں،959 پاکستانی طلبہ ہونان کے مختلف شعبوں میں زیر تعلیم ہیں۔
صدر آصف علی زرداری نے صوبہ ہونان کے گورنر ماؤ ویمنگ کی جانب سے دیئے گئے عشائیے میں شرکت کی۔ انہوں نے کہاکہ صوبہ ہونان کو چیئرمین ماؤ زے تنگ کی جائے پیدائش ہونے کی وجہ سے خاص مقام حاصل ہے،طاقت کا سرچشمہ عوام ہیں کا نظریہ پاکستانیوں کے لئے قابلِ احترام ہے، پاکستان اور چین کے عوام گہرے رشتوں میں بندھے ہوئے ہیں،پاکستان اورچین کے عوام کے دل ایک ساتھ دھڑکتے ہیں۔اس موقع پرصوبہ ہونان کے گورنر نے پاک چین دوستی کومثالی قراردیا۔
Stay tuned with 24 News HD Android App