ویب ڈیسک:تین دہائیوں سے زائد عرصہ گزرنے کے بعد بالی ووڈ کی مشہور فلم ’کھل نائیک‘ کا کردار ایک بار پھر بڑے پردے پر واپس آرہا ہے۔
1990 کی دہائی میں ریلیز ہونے والی فلم ’کھل نائیک‘کے مرکزی اداکار سنجے دت نے سوشل میڈیا پر اپنے نئے روپ کی جھلک شیئر کرتے ہوئے کھلنایک کے سیکویل کا اعلان کیا اور لکھا کہ ہر کہانی کا ایک وقت ہوتا ہے، اور اب اس کا وقت آ گیا ہے۔
ممبئی میں ایک تقریب کے دوران سنجے دت نے واضح کیا کہ یہ فلم روایتی سیکویل نہیں بلکہ ایک نئی اور منفرد انداز میں پیش کی جانے والی کہانی ہوگی۔
جاری کیے گئے مختصر ٹیزر میں ان کا روپ پہلے سے زیادہ سخت اور وقت کے اثرات کا حامل دکھایا گیا ہے جو اس بات کی طرف اشارہ کرتا ہے کہ کردار عمر رسیدہ ضرور ہوا ہے مگر اس کی شدت برقرار ہے۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ اس فلم کا خیال سنجے دت کو جیل میں قیام کے دوران آیا۔انہوں نے وہاں موجود تقریباً چار ہزار قیدیوں سے رائے لی جنہوں نے اس کردار کو دوبارہ دیکھنے میں دلچسپی ظاہر کی اور اپنی آرا تحریری شکل میں دیں جنہیں پڑھنے میں کافی وقت لگا۔
بعد ازاں انہوں نے یہ خیالات ہدایتکار سبھاش گھئی کے ساتھ شیئر کیے جنہوں نے اصل فلم بنائی تھی اور سبھاش نے اس نئے منصوبے کی حمایت کی۔
یاد رہے کہ 1990 کی دہائی میں ریلیز ہونے والی ’کھل نائیک‘ ایک بڑی ہٹ فلم ثابت ہوئی تھی۔
اس فلم میں سنجے دت کے ساتھ جیکی شروف اور مادھوری ڈکشت نے بھی اہم کردار ادا کیا تھا۔