ویب ڈیسک: لیبیا میں پیش آنے والے کشتی حادثے میں جاں بحق ہونے والے 6 پاکستانیوں کی میتیں وطن واپس پہنچا دی گئیں۔
غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق لیبیا کے ساحل کے قریب حادثے کا شکار ہونے والی کشتی میں سوار پاکستانیوں کے جسدِ خاکی قطری ایئرلائن کے ذریعے لاہور کے علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر پہنچائے گئے۔ اوورسیز پاکستانیز فاؤنڈیشن پنجاب کی ریجنل ہیڈ سیدہ صبا فاطمہ حسن اور دیگر متعلقہ حکام نے ایئرپورٹ پر میتیں وصول کیں۔
بعد ازاں تمام میتوں کو مرنے والوں کے آبائی علاقوں کی جانب روانہ کر دیا گیا۔ حادثے میں جاں بحق افراد میں زاہد محمود اور محمد وسیم گوجرانوالہ کے رہائشی تھے، جبکہ سید علی حسین، آصف علی اور صائمہ نواز کا تعلق منڈی بہاؤالدین سے تھا۔ جاں بحق ہونے والے چھٹے نوجوان عبداللّٰہ کا تعلق سیالکوٹ سے تھا۔