احمد منصور: آئی ایس پی آر کے مطابق بلوچستان میں بھارتی اسپانسرڈ فتنۃ الخوارج اور فتنۃ الہندوستان کے خلاف سیکیورٹی فورسز کے جامع انسدادِ دہشت گردی آپریشنز میں 21 ستمبر سے اب تک 33 دہشت گرد ہلاک کیے جاچکے ہیں۔
آئی ایس پی آر کے مطابق 24 ستمبر کو آپریشن شعبان کے تسلسل میں سیکیورٹی فورسز نے مزید دہشت گرد ٹھکانوں کا سراغ لگا کر کارروائی کی۔ شدید فائرنگ کے تبادلے کے بعد بھارتی سرپرستی میں سرگرم 5 خوارج ہلاک کردیے گئے۔
ترجمان پاک فوج کے مطابق آپریشن شعبان کے دوران اب تک 22 خوارج ہلاک ہوچکے ہیں جبکہ خوارج کے ٹھکانوں سے ہتھیار، گولہ بارود اور دھماکہ خیز مواد بھی برآمد کیا گیا تاہم علاقے سے خطرے کے مکمل خاتمے تک کلیئرنس آپریشن جاری رہے گا۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ 25 ستمبر 2026 کو نوشکی ضلع میں ایک اور انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کیا گیا۔ آپریشن کے دوران سیکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کے ٹھکانے کو مؤثر انداز میں نشانہ بنایا، جس کے بعد شدید فائرنگ کے تبادلے میں 11 دہشت گرد ہلاک کردیے گئے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی جانب سے وژن ’’عزمِ استحکام‘‘ کے تحت بلا تعطل انسدادِ دہشت گردی مہم پوری رفتار سے جاری رہے گی۔
ترجمان پاک فوج کے مطابق عزمِ استحکام کی منظوری نیشنل ایکشن پلان پر وفاقی ایپکس کمیٹی نے دی تھی۔ ملک سے غیر ملکی سرپرستی اور معاونت سے جاری دہشت گردی کے فتنے کے خاتمے تک انسدادِ دہشت گردی مہم جاری رہے گی۔