سٹی42: جوا کروانے والوں کے لئے کام کرنے کے الزامات میں ملوث یوٹیوبر سعد الرحمان المعروف ڈکی بھائی کی کیمپ جیل سے رہائی رک گئی۔ عدالت کے حکم کے باوجود آج ڈکی بھائی کو لاہور کی کیمپ جیل سے رہا نہیں کیا گیا۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق وکیل کا کہنا ہے کہ عدالتی وقت ختم ہونے پر ڈکی بھائی کی رہائی کے لیے روبکار جاری نہیں کی جاسکی ہے۔
وکیل کا کہنا ہے کہ کل تک روبکار جاری ہوجائے گی جس کے بعد رہائی ممکن ہوسکے گی۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز لاہور ہائیکورٹ نے یوٹیوبر سعد الرحمان عرف ڈکی بھائی کو بڑا ریلیف دیتے ہوئے ضمانت منظور کی تھی۔
یہ پڑھیں: ڈکی بھائی کو بڑا ریلیف مل گیا
تفصیلات کے مطابق لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس شہرام سرور نے ان کی درخواست ضمانت پر سماعت کی۔عدالت نے درخواست ضمانت منظور کرلی اور دس لاکھ روپے مچلکے داخل کرانے کی ہدایت کی۔
وکیل عمران رضا چدھڑ نے دلائل دیئے کہ ایف آئی آر میں لگائے گئے الزامات بے بنیاد ہیں۔
وکیل کا کہنا تھا کہ یوٹیوبر کی اہلیہ نے بھی رشوت طلب کرنے پر ایف آئی اے اہلکاروں کیخلاف مقدمہ درج کرایا ہے تاہم ڈکی بھائی کے مقدمے میں شریک ملزموں کی ضمانت پہلے ہی منظور ہوچکی ہیں۔