زاہد چودھری: پنجاب کے میڈیکل اور ڈینٹل کالجوں میں کوٹہ سیٹوں کے تحت داخلوں کے لیے درخواستیں یکم دسمبر 2025 سے یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز (UHS) کے آن لائن پورٹل پر جمع کروائی جائیں گی, اس سال پہلی بار دوسرے صوبوں کے امیدوار بھی براہِ راست درخواستیں دے سکیں گے۔
صوبائی کابینہ سے منظور شدہ ایڈمیشن پالیسی کے تحت داخلے نامزدگیوں کی بنیاد پر نہیں بلکہ کوٹہ سیٹوں کے مطابق کیے جائیں گے۔ اسلام آباد کے طلبہ کے لیے ایم بی بی ایس کی 26 اور بی ڈی ایس کی 4 سیٹیں مخصوص کی گئی ہیں۔ آزاد جموں و کشمیر کے امیدواروں کے لیے ایم بی بی ایس کی 36 اور بی ڈی ایس کی 3 سیٹیں ہیں، جبکہ گلگت بلتستان کے لیے ایم بی بی ایس کی 55 اور بی ڈی ایس کی 5 سیٹیں رکھی گئی ہیں۔
بلوچستان (گڈ ول) کی کیٹگری میں ایم بی بی ایس کی 20 سیٹیں مختص کی گئی ہیں۔ سابقہ فاٹا کے طلبہ کے لیے ایم بی بی ایس کی 21 اور بی ڈی ایس کی 6 سیٹیں رکھی گئی ہیں۔ مزید برآں، بلوچستان اور سابقہ فاٹا ایچ ای سی سکالرشپ کے تحت ایم بی بی ایس کی 28 اور بی ڈی ایس کی 10 سیٹیں مخصوص کی گئی ہیں۔
داخلے کے لیے امیدوار کے پاس اپنے صوبے یا علاقے کا ڈومیسائل ہونا ضروری ہے، اور پی ایم ڈی سی کے مقررہ کم از کم اہلیت کے معیار کو پورا کرنا بھی لازمی ہے۔ کوٹہ سیٹوں کے لیے آن لائن درخواستیں 15 دسمبر 2025 تک وصول کی جائیں گی۔
امیدواروں کی رہنمائی اور سہولت کے لیے یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز میں سپیشل ڈیسک قائم کر دیا گیا ہے، جس کی قیادت ڈپٹی رجسٹرار پبلک افیئرز یاسر سلطان کریں گے۔
پنجاب کے میڈیکل اور ڈینٹل کالجوں میں کوٹہ سیٹوں پر داخلوں کے لیے درخواستیں یکم دسمبر سے وصول کی جائیں گی