(فخرامام) بیٹی کی تلاش میں دربدر بزرگ شہری داد رسی کے لیے سٹی فورٹی ٹو آفس پہنچ گیا۔
تفصیلات کے مطابق ملتان روڈ کے رہائشی 84 سالہ بزرگ شہری محمد یامین کا کہنا تھا کہ اسکی بیٹی کو کچھ لوگوں نے زبردستی اپنے پاس رکھا ہوا ہے اور زبردستی اس کی شادی اپنے رشتہ دار سے کرنا چاہتے ہیں, مگر لڑکی اپنے والدین کے ساتھ رہنا چاہتی ہے جبکہ گھر واپس جانے کے اصرار پر دھمکیاں دیتے ہیں.
بزرگ شہری کا کہنا تھا کہ گزشتہ 3 ہفتے سے بیٹی سے کوئی رابطہ نہیں ہوا اور اب یہ بھی معلوم نہیں کہ وہ کہاں ہے؟ بیٹی کے لا پتا ہونے پر وہ شدید پریشان ہے، محمد یامین کا کہنا تھا کہ اس حوالے سے تھانہ اقبال ٹائون پولیس کو بھی متعدد بار آگاہ کر چکا ہوں مگر کسی قسم کا تعاون نہیں کیا جا رہا۔
بزرگ شہری نے پولیس اور وزیراعلیٰ پنجاب سے مدد کی اپیل کرتے ہوے مطالبہ کیا کہ اس کی بیٹی کو ملزمان کے چنگل سے چھڑوا کر اس کے حوالے کیا جائے۔