ویب ڈیسک: دنیا کے مختلف خطوں میں زلزلوں کے شدید جھٹکوں نے خوف و ہراس پھیلا دیا، جہاں جاپان اور وینزویلا دونوں متاثر ہوئے، تاہم وینزویلا میں نقصانات کہیں زیادہ سنگین رہے۔
جاپان میں 6.9 شدت کے زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے جن سے دارالحکومت ٹوکیو سمیت کئی علاقے لرز اٹھے۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق کچھ افراد زخمی ہوئے، تاہم حکام نے سونامی کی وارننگ جاری نہیں کی۔ جاپانی حکام نے صورتحال کی نگرانی کیلئے ہنگامی ٹیمیں متحرک کر دیں اور شہریوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی گئی۔
دوسری جانب وینزویلا میں آنے والے طاقتور زلزلوں نے بڑے پیمانے پر تباہی مچا دی۔ غیر ملکی رپورٹس کے مطابق 7.1 اور اس کے بعد زیادہ شدت والے زلزلے کے باعث کم از کم 164 افراد جان کی بازی ہار گئے جبکہ زخمیوں کی تعداد سیکڑوں سے تجاوز کر گئی ہے اور اس میں اضافے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔ متعدد عمارتیں منہدم ہو گئیں اور امدادی کارروائیاں جاری ہیں۔
رپورٹس کے مطابق زلزلوں کے جھٹکے دارالحکومت کراکس سمیت کئی علاقوں میں محسوس کیے گئے۔ ماہرین کے مطابق نسبتاً کم گہرائی پر آنے والے زلزلے سطح زمین پر زیادہ شدت سے اثر انداز ہو سکتے ہیں، جس سے جانی و مالی نقصان بڑھ جاتا ہے۔