سٹی42: وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کی زیرصدارت کابینہ نے انٹر سٹی ائیر کنڈیشنڈ بسوں پر عائد مجوزہ سیلز ٹیکس اتفاق رائے سے واپس لینے کی منظوری دے دی۔ ٹیکس واپس لینے کے حوالے سے فنانس بل میں ضروری ترمیم کرنے کی ہدایت بھی کردی گئیں۔
صوبائی کابینہ کے اجلاس میں وزراء، مشیران، معاونین خصوصی، چیف سیکرٹری، صوبائی سیکرٹریز اور دیگر متعلقہ حکام نے شرکت کی ۔ اجلاس میں فیڈریشن اور صوبوں کے مابین مشترکہ مالیاتی ذمہ داریوں پر مفاہمت کی یادداشت کی منظوری دی گئی۔ اجلاس میں کیپٹن ریٹائرڈ عارف نواز کی انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب کے عہدے پر تقرری کی ایکس پوسٹ فیکٹو منظوری دی گئی۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کا کہنا تھا کہ انٹر سٹی ائیر کنڈیشنڈ بسوں پر مجوزہ ٹیکس واپس لینے کا فائدہ عوام کو ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ عوام کو ہر ممکن ریلیف دینے کے لیے اقدامات کرتے رہیں گے۔