سٹی 42 : نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار فلپائن اور کرغزستان کے سرکاری دوروں کے بعد اسلام آباد پہنچ گئے.
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق اسحاق ڈار نے فلپائن کے دارالحکومت منیلا میں 33ویں آسیان ریجنل فورم وزارتی اجلاس میں پاکستان کی نمائندگی کی۔ اسحاق ڈار نے کرغزستان کے شہر چولپون آتا میں شنگھائی تعاون تنظیم کے 25ویں وزرائے خارجہ کونسل اجلاس میں شرکت کی۔ دورۂ کرغزستان کے دوران اسحاق ڈار نے مختلف ممالک کے وزرائے خارجہ اور رہنماؤں سے اہم دوطرفہ ملاقاتیں کیں۔
ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ اسحاق ڈار نے دونوں بین الاقوامی فورمز پر پاکستان کا مؤقف مؤثر انداز میں پیش کیا، علاقائی سلامتی، اقتصادی تعاون اور اہم عالمی امور پر اجلاسوں میں تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ اسحاق ڈار نے علاقائی و عالمی مسائل پر ہونے والے اہم مباحث میں فعال شرکت کی۔