سٹی 42 : امریکا کی جنوبی ریاستوں میں شدید بارش اور برف باری کا خطرہ ہے جس کے پیشِ نظر انتظامیہ نے الرٹ جاری کردیا۔ وفاقی ملازمین کیلئے کل پیرکے روز عام تعطیل کا اعلان کردیاہے۔
نیشنل ویدرسروس کے مطابق نیویارک، بوسٹن اور اوکلاہوما سٹی میں 12 سے 18 انچ برف متوقع ہے۔ اس کے علاوہ ٹیکساس، جارجیا، مسیسیپی اور ٹینیسی میں ایک انچ تک برف جمنے کا خدشہ جب کہ وسطی میساچوسٹس میں شدید برفباری کی پیشگوئی کی گئی ہے۔
نیشنل ویدرسروس کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ میساچوسٹس میں 12 سے 18 انچ تک برف پڑنے کا امکان ہے، اور ہوا منفی 15 ڈگری تک محسوس ہو سکتی ہے۔
ٹرمپ انتظامیہ نے وفاقی ملازمین کیلئے کل پیرکے روز عام تعطیل کا اعلان کردیاہے، ذخیرہ اندوزی کےباعث مارکیٹوں میں کھانے پینےکی اشیا کم پڑ گئیں اورصدر ٹرمپ نے مقامی حکام کو ہنگامی حالات کیلئے تیار رہنے کے احکامات جاری کردیے ہیں۔
22 ریاستوں میں ہنگامی حالت نافذ کر دی گئی اورچوراسی ہزار صارفین بجلی سے محروم ہوگئے۔ امریکی صدر ٹرمپ کا کہنا ہے کہ طوفان کی زد میں آنے والی تمام ریاستوں کی انتظامیہ سے رابطے میں ہیں۔
مزیدبراں شدید برفباری کے باعث امریکا بھر میں 10 ہزار سے زائد پروازیں منسوخ ہوگئیں جب کہ 84 ہزار سے زائد صارفین بجلی سے محروم ہیں۔