میں الیکشن کی اجازت لینے آئی، آپ نے فیصلہ ہی سنا دیا، مریم نواز کی این اے 119 میں ریلی

Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

سٹی42: مریم نواز  نے جمعرات کے روز  این اے 119 میں اپنی انتخابی کیمپین میں شرکت کی تو سینکڑوں کارکنوں نے ان کا پرجوش استقبال کیا اور سڑکوں پر ٹریفک بلاک ہو گیا۔

مریم نواز حلقہ این اے 119 سنگھ پورہ میں پہنچیں تو انہوں نے ریلی کے شرکا سے خطاب بھی کیا۔ انہوں نے اپنے استقبال کے لئے جمع ہونے والے مسلم لیگ نون کے کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ این اے 119 میں میں نے آج پہلی بار قدم رکھا ہے۔آپ سے اجازت لینے آئی ہوں کہ کیا مجھے الیکشن لڑنے کی اجازت ہے۔میں تو اجازت لینے آئی تھی آپ نے تو فیصلہ ہی سنا دیا۔

مریم نواز نے کہا کہ میری بہنیں، میرے بھائی یہاں موجود ہیں۔میں اس سے قبل بھی این اے 119 سے امیدوار تھی لیکن مجھے نااہل کردیا گیا۔ میرے پاس کبھی کوئی عہدہ نہیں رہا لیکن پھر بھی مجھے نااہل کردیا گیا۔

مجھے بے جرم نا اہل کیا گیا

مریم نواز نے کہا کہ میرا قصور یہ تھا کہ میں اپنے والد کے ساتھ کھڑی ہوئی۔میں اپنے والد کے ساتھ کھڑی رہی اور آج آپ کے سامنے موجود ہوں۔

مریم نواز نے 2018 کے الیکشن کے متعلق یاد کرتے ہوئے کہا کہ اس وقت علی پرویز ملک میرا کوورنگ امیدوار تھا۔مجھے خوشی ہے کہ میں نے آپ کو ایسا نوجوان دیا جس نے جی جان سے اس حلقے کی خدمت کی۔ووٹ کی پرچی ایک پرچی ہی نہیں ہوتی، آپکے بچوں کے مستقبل کا فیصلہ ہوتی ہے۔

گیس کی فراہمی، سیوریج اور ٹوٹی ہوئی گلیاں

مریم نواز نے کہا کہ آپ سے دو طرح کی جماعتیں ووٹ مانگ رہی ہیں۔ن لیگ کے علاوہ باقی کسی جماعت نے کوئی کام نہیں کیا۔ کوئی جماعت تنقید کر رہی ہے اور کوئی الزامات لگاتی ہے۔ن لیگ ایسی جماعت ہے جو نہ تنقید کرتی ہے اور نہ الزام لگاتی ہے۔

مریم نواز نے کہا کہ میں جانتی ہوں اس حلقہ میں سب سے بڑا مسئلہ گیس کی فراہمی کا ہے، یہاں سیوریج کے مسائل ہیں، گلیاں اور سڑکیں ٹوٹی ہوئی ہیں کیونکہ پچھلے پانچ سال مین یہاں پر کچھ نہیں ہوا۔

 نواز کامنشور

مریم نواز کی این اے 119 میں ریلی اورنج لائن ٹرین کے ٹریک کے نیچے تھی۔ اس دوران جب اوپر پل پر سے ٹرین گزری تو مریم نواز نے  تقریر کرتے ہوئے کہا "وہ دیکھو اورنج لائن جا رہی ہے، وہ دیکھو!" بعد ازاں مریم نواز نے اپنی ایک ویڈیو کلپ ایکس پر پوسٹ کرتے ہپوئے اس پر کیپشن لکھا،"وہ دیکھو نواز  کا منشور!"

مریم نواز کی این اے 119 میں ریلی کی ویڈیوز سوشل پلیٹ فامرز پر وائرل ہو گئیں۔ مریم نواز نے خود بھی اپنی ریلی اور استقبال کی ویڈیو کلپس ایک پر پوسٹ کیں۔ اپنی ایک پوسٹ میں انہوں نے استقبال کی ویڈیو کے ساتھ کیپشن لکھا"یہ ہیں وہ محبتیں جو نواز شریف نے کمائی ہیں جنھیں کوئی مٹا نہیں سکا الحمدُللّہ  "