سیاسی پارہ ہائی، اڈیالہ جیل کے قیدی بھی ووٹ ڈالنے کیلئے پرتولنے لگے

سیاسی پارہ ہائی، اڈیالہ جیل کے قیدی بھی ووٹ ڈالنے کیلئے پرتولنے لگے
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

ویب ڈیسک: بانی چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان، چودھری پرویزالہیٰ، شاہ محمود قریشی سمیت اڈیالہ جیل میں قید  145 اسیران نے عام انتخابات میں پوسٹل بیلٹ کے ذریعے ووٹ ڈالنے کی درخواستیں دے دیں۔ 

جیل حکام کے مطابق انتخابات میں پوسٹل بیلٹ کے ذریعے ووٹ کاسٹ کرنے والے تمام اسیران کی درخواستیں و تفصیلات ڈسٹرکٹ ریٹرننگ آفیسر کو بھجوائی جائیں گی۔

سینٹرل جیل اڈیالہ راولپنڈی سے مجموعی طور پر 145 اسیران نے پوسٹل بیلٹ کے ذریعے ووٹ ڈالنے کا حق استعمال کرنے کی لیے درخواستیں دی ہیں،  اس سلسلے میں جیل انتظامیہ سے رجوع کرنے والوں میں بانی چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان، سابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی ،سابق وزیر داخلہ شیخ رشید احمد اور سابق وزیر اعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الٰہی بھی پوسٹل بیلٹ ہی کے ذریعے سینٹرل جیل اڈیالہ سے ووٹ کاسٹ کریں گے۔

جیل اڈیالہ راولپنڈی میں قید اسیران کے ووٹ ڈالنے کے حوالے سے ایک سینئر افسر  نے بتایا کہ ڈسٹرکٹ ریٹرننگ آفیسر کی جانب سے پولنگ میٹریل ،بیلٹ پیپر و بیلٹ وغیرہ پہنچنے پر پولنگ ڈے سے ایک دن قبل جیل میں پولنگ اسٹیشنز و پولنگ بوتھ بناکر اسیران کو ووٹ پول کرنے کی سہولت مہیا کی جائے گی ۔ ووٹنگ و پولنگ کا عمل مکمل ہونے کے بعد تمام کاسٹ شدہ ووٹ و میٹریل سربمہر پیکٹ میں سخت سکیورٹی میں ڈسڑکٹ ریٹرننگ آفیسر کو بھجوایا جائے گا۔ پوسٹل بیلٹ کی گنتی و نتائج  الیکشن کمیشن میں ہی مرتب ہوں گے۔

واضح رہے کہ سینٹرل جیل اڈیالہ  انتظامیہ کی جانب سے پوسٹل بیلٹ کے ذریعے ووٹ کاسٹ کرنے والے اسیران کو درخواست  دینے  کے لیے 22 جنوری  تک کا وقت دیا گیا تھا، تاہم انتظامیہ نے اسیران کو مجاز اتھارٹی کی منظوری سے اضافی وقت بھی دے دیا۔ مقررہ وقت ختم ہونے تک عمران خان، شاہ محمود قریشی ، شیخ رشید احمد اور چودھری پرویز الٰہی سمیت  145 اسیران نے پوسٹل بیلٹ کے ذریعے حق رائے دہی استعمال کرنے کی خواہش کا اظہار کیا  ہے۔