(حسن علی) یوٹیلیٹی سٹورز کےذریعےعوام کو ریلیف دینے والا وزیر اعظم کا پیکج صرف نام کا ثابت ہوا، یوٹیلیٹی سٹورز کارپوریشن آف پاکستان نے دال چنا، گھی، کوکنگ آئل، مصالحہ جات، صابن، سرف سمیت دیگراشیاء کی قیمتوں میں5 سے3روپےتک اضافہ کر دیا۔
وزیر اعظم کی جانب سے رواں ماہ یوٹیلیٹی سٹورز کے ذریعےعوام کو ریلیف دینے کیلئے پیکج کا اعلان کیا گیا، لیکن ریلیف پیکج سے قبل ہی تمام اشیاء کی قیمتوں میں اضافہ کر دیا گیا۔ یوٹیلیٹی سٹورزکارپوریشن نے دال چنا کی قیمت میں پانچ روپے فی کلو کا اضافہ کرتے ہوئے قیمت167 روپے مقرر کر دی جبکہ مختلف برانڈز کے گھی اور کوکنگ آئل 18 روپے تک مہنگے کر دئیے گئے، یوٹیلیٹی سٹورز پر فروخت ہونیوالے مصالحہ جات کی قیمت میں بھی 10 سے 20 روپے اور سرف اور صابن کی قیمت میں 50 سے 30 روپے تک کا اضافہ کیا گیا۔
یوٹیلیٹی سٹورز پر آنیوالے شہریوں کا کہنا ہےکہ سٹورز پر صرف دال چنا اور سفید چنے دستیاب ہیں جبکہ دیگر دالیں موجود نہیں اور مصالحہ جات اور دیگر اشیا کی قیمتیں مارکیٹ سے زائد ہیں۔
ان کا کہنا ہےکہ حکومت نے حقیقی معنوں میں ریلیف دینا ہے تو یوٹیلیٹی سٹورز پر تمام اشیاکی فراہمی کیساتھ ساتھ مارکیٹ سے کم قیمت پردستیابی کو یقینی بنائے۔
شہریوں کا کہنا ہےکہ مہنگائی نے کمر توڑ کر رکھ دی ہے، اس لئے حکومت کو چاہیےکہ وہ کم از کم یوٹیلیٹی سٹورز پر سستی اشیاء کی فراہمی یقینی بنائے تاکہ عام شہریوں کوریلیف مل سکے۔