شاہد سپرا:لیسکو نے ریکوری اہداف کے حصول کے لیے نادہندہ صارفین کے خلاف بھرپور ریکوری مہم شروع کر دی ہے۔
ذرائع کے مطابق واجب الادا بلز کی وصولی کے لیے کرنٹ کنکشن منقطع کرنے کا عمل بھی شروع کر دیا گیا ہے۔
لیسکو ٹیموں نے ایک ماہ سے زائد بلز کی مقررہ تاریخ گزرنے پر گھریلو، کمرشل اور صنعتی صارفین کے کنکشن منقطع کر دئیے ہیں، ذرائع کا کہنا ہے کہ 2 یا3 ماہ سے بقایاجات اور اقساط والے بلز پر بھی کارروائی جاری ہے۔
ایک ہی گھر میں نادہندہ صارف ہونے کی صورت میں باقی تمام کنکشنز بھی منقطع کیے جا رہے ہیں۔ لیسکو نے نادہندہ عمارت یا گھر کو بنیاد بنا کر ٹارگٹڈ آپریشن شروع کر دیا ہے۔
بعض علاقوں میں صارفین نے پرانے بلز ادا نہ کرنے کے باوجود دوسرا کنکشن لے کر بجلی استعمال کر نے کی نشاندہی کی گئی ہے، جس پر نئے کنکشنز بھی پرانے بلز کی بنیاد پر منقطع کرنے کی ہدایات جاری کر دی گئی ہیں۔