راؤ دلشاد:وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کرسمس کی خوشیوں میں شرکت کے لیے کیتھڈرل چرچ پہنچ گئیں، جہاں انہوں نے کرسمس کیک کاٹنے کی خصوصی تقریب میں شرکت کی۔
وزیراعلیٰ نے کرسچن رہنماؤں کے ہمراہ کرسمس کیک کاٹا اور مسیحی خاندانوں میں کرسمس کیک بھی تقسیم کیے۔
تقریب کے دوران کینیرڈ کالج کی ایک طالبہ نے وائلن پر قومی ترانے کی خوبصورت دھن پیش کی، جس پر وزیراعلیٰ مریم نواز نے طالبہ کو پاس بلا کر شاباش دی۔ کرسمس کی اس تقریب میں امریکا، برطانیہ اور دیگر ممالک کے سفارتکاروں نے بھی شرکت کی۔
کرسمس تقریب کا آغاز تلاوتِ قرآنِ مجید اور بائبل سے کیا گیا، جبکہ کینیرڈ کالج کی طالبات نے دلکش روایتی کوائر پرفارمنس پیش کی۔ تقریب میں سانتا کلاز کا روپ دھارے ننھے بچے شرکا کی توجہ کا مرکز بنے رہے۔ وزیراعلیٰ پنجاب نے خود جا کر طالبات اور بچوں کو شاباش اور کرسمس کی مبارکباد دی۔
تقریب کے دوران پنجاب میں وزیراعلیٰ مریم نواز کے اقلیت دوست اقدامات پر خصوصی ڈاکومنٹری بھی پیش کی گئی۔ اس موقع پر بشپ الیگزینڈر جان ملک نے وزیراعلیٰ کے عوام دوست اقدامات کو سراہتے ہوئے انہیں "دخترِ پنجاب" کا خطاب دیا، جبکہ بشپ آف لاہور ندیم کامران نے وزیراعلیٰ مریم نواز اور دیگر شرکا کا شکریہ ادا کیا۔
صوبائی وزیر رمیش سنگھ اروڑہ نے خطاب کرتے ہوئے معزز مہمانوں کا خیر مقدم کیا۔ تقریب کے اختتام پر وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے فرزانہ، شمائلہ نصیر، دانیال مسیح اور طارق مسیح میں "مینارٹی کارڈ" بھی تقسیم کیے۔