ویب ڈیسک: پاکستان کی معروف اداکارہ صبا قمر پولیس یونیفارم پہن کر ویڈیو شوٹ کروانے کے معاملے پر قانونی مشکلات کا سامنا ، جس پر ان کے خلاف مقدمہ درج کرنے کی درخواست عدالت میں دائر کر دی گئی ہے۔
لاہور کی ایک عدالت میں اداکارہ صبا قمر کے پولیس یونیفارم پہننے کے خلاف مقدمہ درج کرنے کی درخواست پر سماعت ہوئی۔ ایڈیشنل سیشن جج الیاس ریحان نے درخواست پر ابتدائی سماعت کے بعد کیس کی مزید کارروائی 14 جنوری تک ملتوی کر دی۔
درخواست گزار وسیم زوار نے عدالت میں مؤقف اختیار کیا کہ سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ایک ویڈیو میں صبا قمر کو ڈریسنگ روم میں پولیس یونیفارم پہنے دیکھا جا سکتا ہے، جس پر ایس پی کا بیج بھی آویزاں ہے۔
درخواست گزار کے مطابق پولیس یونیفارم پہننے یا اس کا استعمال کرنے سے قبل متعلقہ محکمے سے این او سی لینا لازمی ہوتا ہے جبکہ اداکارہ نے بغیر اجازت پولیس وردی پہن کر ویڈیو شوٹ کروائی۔
وسیم زوار نے مزید مؤقف اپنایا کہ اس معاملے پر تھانہ پرانی انار کلی کو مقدمہ درج کرنے کی درخواست دی گئی تھی تاہم پولیس نے تاحال کوئی کارروائی نہیں کی، جس کے بعد عدالت سے رجوع کیا گیا۔