سٹی 42 : ویڈیو بنانے کا جنون ایک اور نوجوان کی جان لے گیا، بھارتی ریاست اوڈیسہ کے نوجوان یوٹیوبر کو پانی کی بےرحم موجیں کو بہا لے گئیں۔
افسوسناک واقعہ اوڈیسہ کے ضلع کوراپٹ میں پیش آیا، جہاں 22 سالہ یوٹیوبر ساگر، ڈوڈوما آبشار میں پانی کے تیز بہاؤ کا شکار ہوگیا۔ اطلاعات کے مطابق ساگر اپنے یوٹیوب چینل کے لیے مشہور سیاحتی مقامات کی ویڈیوز بنانے کے لیے اپنے دوست کے ساتھ کٹک سے کوراپٹ پہنچا تھا، ڈرون کیمرے کے ذریعے ریلز ریکارڈ کرنے کے دوران حادثہ رونما ہوگیا، جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر تیزی سے پھیل گئی۔
سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ساگر پانی کے بیچ کھڑا ہے اور لوگ رسیوں کے ذریعے اسے نکالنے کی کوشش کر رہے ہیں، تاہم شدید بہاؤ کے باعث وہ بیلنس برقرار نہ رکھ سکا اور پانی کی بے رحم موجیں اس کو بہا لے گئیں۔
حکام کے مطابق ماچاکونڈا ڈیم سے شدید بارشوں کے بعد تقریباً 2000 کیوسک پانی چھوڑا گیا تھا، جس کے باعث اچانک پانی کی سطح بلند ہوگئی، مقامی افراد اور سیاحوں کی کوششوں کے باوجود ساگر بچ نہ سکا۔
اطلاع ملتے ہی ماچاکونڈا پولیس اور فائر سروسز کے اہلکار موقع پر پہنچے اور ریسکیو آپریشن شروع کیا۔ بھارتی میڈیا کا کہنا ہے کہ ساگر کا سراغ نہیں مل سکا اور لاش کی تلاش کا عمل جاری ہے۔