طاہر جمیل: لاہور میں ڈپٹی کمشنر کی زیر صدارت ایک اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں نکاسی آب کے نظام کو بہتر بنانے اور عوامی تحفظ کو یقینی بنانے کے حوالے سے اہم فیصلے کیے گئے۔
اجلاس میں واسا کے منیجنگ ڈائریکٹر، میونسپل کارپوریشن کے چیف آفیسر، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر فنانس اور دیگر متعلقہ افسران نے شرکت کی۔ اجلاس کے دوران شہر اور دیہی علاقوں میں بارشوں کے بعد جمع ہونے والے پانی (تالابوں) کے خاتمے کے لیے جامع حکمت عملی پر غور کیا گیا۔
ڈپٹی کمشنر کو شہر بھر میں نکاسی آب کی موجودہ صورتحال پر تفصیلی بریفنگ دی گئی، جس میں نشیبی علاقوں اور اہم شاہراہوں پر درپیش مسائل سے آگاہ کیا گیا۔ اس موقع پر ضلعی انتظامیہ نے بتایا کہ فیلڈ ٹیمیں متحرک ہیں اور مختلف علاقوں میں پانی کے فوری اخراج کے لیے اقدامات جاری ہیں۔
اجلاس میں واسا کو ہدایت کی گئی کہ نکاسی آب کے نظام کو فوری طور پر مؤثر بنایا جائے اور شہریوں کو درپیش مشکلات کا جلد از جلد ازالہ کیا جائے۔ مزید برآں، عوامی مقامات پر حفاظتی باڑ کی تنصیب کو یقینی بنانے کی بھی ہدایت جاری کی گئی تاکہ کسی بھی ممکنہ حادثے سے بچا جا سکے۔
ڈپٹی کمشنر نے واضح کیا کہ نکاسی آب کے عمل کے دوران شہریوں کی جان و مال کا تحفظ اولین ترجیح ہے اور اس ضمن میں کسی قسم کی غفلت برداشت نہیں کی جائے گی۔
ضلعی انتظامیہ نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ شہریوں کو بہتر سہولیات کی فراہمی اور محفوظ ماحول کی یقینی فراہمی کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔